بریڈ فورڈ 20: سالہ گمشدہ خاتون کا 5 دن بعد بھی سراغ نہ مل سکا

July 01, 2022

بریڈفورڈ (عبید مغل) بریڈ فورڈ لیسٹر ڈائک سے لاپتہ ہونے والی 20سالہ ثمیہ نامی خاتون کا 5دن بعد بھی سراغ نہ مل سکا، پولیس فرانزنک ڈپارٹمنٹ کی ٹیم گزشتہ چار روز سے مشکوک جگہ پر موجود ہے، ثمیہ نامی خاتون کو آخری بار ہفتہ کی دوپہر گھر کے قریب دیکھا گیا تھا تحقیقات کے لئے پولیس نے متعدد افراد کو گرفتار کرلیا۔ گمشدہ خاتون کی تلاش اور اہم تحقیقات جاری ہیں ۔لیسٹرڈائیک میں تھورنبری روڈ پر ایک صنعتی مقام پر پولیس کی بڑی موجودگی سے گمان کیا جارہا ہےکہ لڑکی کی گمشدگی مذکورہ مقام سے وابستہ ہے۔ ویسٹ یارکشائر پولیس نے 20سالہ ثمیہ بیگم کی گمشدگی کے سلسلے میں متعددگرفتاریاں کی ہیں، تاہم اسکی تفصیلات جاری نہیں کی گئیں ،ثمیہ نامی خاتون کو آخری بار ہفتہ کی دوپہر تقریباً 2 بجے بارکرینڈ میں واقع اپنے گھر کے قریب دیکھا گیا تھا۔ پولیس کی جانب سے وسیع پیمانے پر پوچھ گچھ اور تھورنبری روڈ پر ایک بڑا پولیس آپریشن جاری ہے۔ جہاں ایک وسیع علاقے کو کارڈن آف کیا ہے اور پولیس نے ایک فرانزک ٹینٹ بھی لگا رکھا ہے، جہاں پولیس کی بڑی تعداد مسلسل موجود ہے۔ جائے وقوعہ کے قریب کام کرنے والے ایک شخص نے بتایا کہ چار دن سے پولیس یہاں موجود ہے جسکی وجہ سے علاقے میں خوف ہے اور راستے کی بندش کے باعث لوگ کارپارک تک رسائی حاصل نہیں کر سکے۔ مذکورہ مقام پر دن بھر پولیس کی سرگرمیوں میں اضافہ دیکھا گیا، جس میں کرائم سین کے تفتیش کاروں کی آمد بھی شامل ہے۔