تارکین وطن پاکستانی معیشت میں ریڑھ کی ہڈی کا کردار ادا کررہے ہیں، رفعت محمود غوری

July 01, 2022

راچڈیل (ہارون مرزا) معروف سماجی شخصیت رفعت محمود غوری نے ایک بیان میں کہا ہے کہ تارکین وطن پاکستانی معیشت میں ریڑھ کی ہڈی کا کردار اداکر رہے ہیں، طویل عرصہ بعد ڈالر کی قیمت میں نمایاں کمی خوش آئند امر ہے ،امید ہے کہ موجودہ حکومت مسائل پر بتدریج قابو پا کر معیشت کو مضبوط بنانے میں کامیاب ہوگی۔ انہوں نے روزنامہ جنگ سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ بریگزٹ اور یوکرائن پر روسی حملے کے بعد یورپی ممالک سمیت برطانیہ میں مہنگائی کی شرح میں ریکارڈ اضافہ سامنے آیا ہے، اسی طرح پاکستان بھی بین الاقوامی طورپر آنیوالی مہنگائی کی لہر کی لپیٹ میں آیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ میاں شہباز شریف بطور وزیراعظم اپنی خداداد صلاحیتوں کا استعمال کرتے ہوئے ملک کو مسائل کی دلدل سے نکالنے میں کامیاب ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ تارکین وطن مشکل حالات میں اپنے ہم وطنوں کے ساتھ کندھے سے کندھا ملا کر کھڑے ہیں ۔