امریکی کانگرس لیڈر اَل گرین کا پاکستانی سفیر کو خصوصی اعترافی سرٹیفکیٹ

July 01, 2022

اسلام آباد (حنیف خالد) امریکی کانگریس کے رہنما اَل گرین نے پاکستانی سفیر مسعود خان کی خدمات کے اعتراف میں خصوصی سرٹیفکیٹ (سرٹیفکیٹ آف اسپیشل کانگریشنل ریکیگنیشن) عطا کیا۔ یہ سرٹیفکیٹ پاکستانی سفیر کو امریکہ اور پاکستان کے درمیان معاشی تعلقات اور تجارت کے فروغ کے اعتراف میں پیش کیا گیا۔ معاشی تعلقات اور ٹریڈ پر مبنی سفارتکاری کے حوالے سے کانگریس رہنما آل گرین نے سفیر پاکستان کو مخاطب کرتے ہوئے کہا میں آپ کو سلیوٹ کرتا ہوں‘ پاکستان سفیر مسعود خان کی جانب سے کانگریس رہنما ال گرین کا شکریہ ادا کیا گیا۔ پاکستانی سفیر نے کانگریس پارلیمانی گروپ (پاک کوکس) کی سربراہ شیلا جیکسن کا پاک امریکہ تعلقات کی مضبوطی کے حوالے سے کاوشوں کا بھی خصوصی طور پر شکریہ ادا کیا۔ مسعود خان نے کہا کہ پاک امریکہ تعلقات کو مضبوط بنانے میں کانگریس کا کلیدی کردار ہے۔