کامن ویلتھ گیمز کیلئے پاکستانی کھلاڑیوں کے ڈوپ ٹیسٹ شروع

July 02, 2022

کراچی ( نصر اقبال/ اسٹاف رپورٹر) کامن ویلتھ گیمز کیلئےپاکستانی دستے کے30کھلاڑیوں کے ڈوپ ٹیسٹ کر لئے گئے ہیں ، ان میں اولمپین ارشد ندیم، انعام بٹ، ماہور شہزاد کے علاوہ چھ ریسلرز، ویٹ لفٹر حیدر علی اور اسکواش کھلاڑی شامل ہیں۔ پیر تک دیگر 20کھلاڑیوں کے ٹیسٹ لئے جائیں گے ۔ جمعے کو گوجرانوالہ میں دو ویٹ لفٹرز کے ٹیسٹ لئے گئے، ایبٹ آباد میں جاری قومی ہاکی ٹیم کے تر بیتی کیمپ میں کھلاڑیوں کے ٹیسٹ پیر منگل تک لئے جائیں گے، پی او اے کے مطابق دو باکسرز کے بھی ٹیسٹ لئے گئے ہیں۔ پی او اے نے ڈوپنگ ایجنسی(واڈا)کی ہدایت پر کھلاڑیوں کو ڈاکٹرز کے مشورے کے بغیر کوئی بھی دوا استعمال نہ کرنے کی ہدایت کی ہے۔ دوسری جانب چھ اور سات جولائی کودوسرا ورچوئل سیمینار ہوگا جس میں کھلاڑیوں کوڈوپنگ اور دیگر امور کے حوالے سے خصوصی لیکچر دیا جائے گا۔قومی دستے کا پہلا گروپ23جولائی کو بر منگھم روانہ ہوگا۔