کراچی(نصر اقبال/ اسٹاف رپورٹر) مناما بحرین میں ایشین یوتھ گیمز میں پاکستان نے کبڈی میں بنگلہ دیش کو ہراکر برانز میڈل جیت لیا ۔ والی بال میں ازبکستان کو شکست دے دی ۔ باکسنگ کے 54 کے جی میں جاوید حسین نے امارات کے باکسر کو ہرایا البتہ 50کے جی میں حزیفہ راحیل کو شکست ہوئی ۔ تائی کوانڈو کے پوموسے ایونٹ میں پاکستان کے سید محمد زوہیب اور زینب کنیز کو عراقی کھلاڑیوں نے مات دے دی۔ گالف میں عبد المعیز اور عثمان اذان بھی ہار گئے۔ 100 میٹر کے مقابلوں میں شریک دونوں پاکستانی رنرز ناکام ہوگئے۔ 15 سالہ اقرا ریاض 100میٹرز ہیٹ میں 26 ایتھلیٹس میں 17 ویں نمبر پر رہیں، انہوں نے اپنا ذاتی ریکارڈ بہتر بنایا جو 13.60 سیکنڈز کا تھا۔ بوائز100 میٹرز دوڑ میں غلام مرتضیٰ 31 ایتھلیٹس میں 18ویں نمبر پر رہے۔ میڈلز ٹیبل پر چین 6-9-1گولڈ، سلور اور برانز میڈلز کے ساتھ سرفہرست ہے۔ تھائی لینڈ دوسرے، ازبکستان تیسرے، ایران چوتھے اور بھارت پانچویں نمبر پر ہے۔