کراچی (اسٹاف رپورٹر) عالمی ٹیسٹ چیمپئن جنوبی افریقا نے پاکستان پر جوابی وار کرتے ہوئے پنڈی ٹیسٹ چوتھے دن ہی اپنے نام کرلیا۔ دوسرے ٹیسٹ میں 8 وکٹوں کی کامیابی کے ساتھ دو میچوں کی ٹیسٹ سیریز بھی ایک، ایک سے برابر کردی۔ پروٹیز نے 68 رنز کا ہدف دو وکٹ پر73 رنز بناکر حاصل کرلیا۔ ایڈن مارکرم نے 42 اور رائن ریکلٹن نے 25 رنز ناٹ آئوٹ بنائے۔ یہ جنوبی افریقا کی پاکستانی سرزمین پر ٹیسٹ کرکٹ میں 2007 کے بعد پہلی فتح ہے۔ اسپن وکٹ کا ہوم ایڈوانٹیج ہی ڈرائونا خواب بن گیا پاکستان کی دوسری اننگز 138 رنز پر سمٹ گئی۔کیشو مہاراج اور سائمن ہارمر نے میچ میں 17 وکٹ لیے جبکہ دوسری اننگز میں سائمن ہارمر نے 6، کیشو مہاراج نے 2 اور کاگیسو ربادا نے ایک شکار کیا۔ بابر اعظم نے2022 کے بعد پہلی نصف سنچری اسکور کی۔ کیشو مہاراج کو میچ میں مجموعی طور پر 9 وکٹیں اور 30 قیمتی رنز بنانے پر مرد میدان قرار دیا گیا۔ سینوران متھوسوامی سیریز کے بہترین کھلاڑی قرار پائے۔ جمعرات کو راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں میچ کے چوتھے روز پاکستان نے 94 رنز 4 کھلاڑی آئوٹ پر اپنی دوسری نامکمل اننگز دوبارہ شروع کی تو بابر اعظم 49 اور محمد رضوان 26 رنز کے ساتھ کریز پر موجود تھے۔ بابر اعظم ا پنے اسکور میں صرف ایک رن کے اضافے کے بعد سائمن ہارمر کی گیند پر ایل بی ڈبلیو ہو گئے۔ انہوں نے50رنز بنائے محمد رضوان 18 رنز بنا کر سائمن ہارمر کی گیند پر ٹونی ڈی زورزی کے ہاتھوں کیچ ہوئے۔ نعمان علی بغیر کوئی رن بنائے ہارمر کا شکار بنے جبکہ شاہین شاہ آفریدی صفر پر آٹ ہوئے۔ سلمان آغا نے 28 رنز کی مزاحمتی اننگز کھیلی لیکن کیشو مہاراج کی گیند پر کلین بولڈ ہو گئے۔ ساجد خان 13 رنز بنا کر کیشو مہاراج کی گیند پر اسٹمپڈ ہوئے۔ پہلی اننگز میں 71 رنز کی برتری حاصل ہونے کے باعث جنوبی افریقا کو جیت کے لیے صرف 68 رنز درکار تھے۔ اوپنر ایڈن مارکرم 42 رنز بنا کر نعمان علی کا شکار بنے جبکہ رائن ریکلٹن نے ناقابل شکست 25 رنز بنائے۔ ٹرسٹن اسٹبز کو نعمان علی نے صفر پر آئوٹ کیا۔ جنوبی افریقا نے پاکستان کی پہلی اننگز کے 333 رنز کے جواب میں 404 رنز بنائے تھے۔ قومی ٹیم کے آخری چار بیٹرز دونوں اننگز میں ناکام رہے۔ شاہین شاہ آفریدی، نعمان علی، ساجد خان اور آصف آفریدی نے دو اننگز میں 28 رنز بنائے۔ شاہین دونوں اننگز میں صفر پر آؤٹ ہوئے۔