کراچی(اسٹاف رپورٹر) پاکستان کرکٹ بورڈ اور ملتان سلطانز کے درمیان اختلافات شدت اختیار کر گئے ہیں۔ پی سی بی نے گزشتہ ماہ ملتان سلطانز کے مالک علی ترین کو قانونی نوٹس بھیجا، جس میں انہیں اپنے حالیہ بیانات واپس لینے اور عوامی سطح پر معافی مانگنے کا مطالبہ کیا گیا، بصورتِ دیگر بلیک لسٹ کرنے اور معاہدہ ختم کرنے کی وارننگ دی گئی۔ ذرائع کے مطابق فرنچائز کو 10 سالہ معاہدے کی شقوں کی خلاف ورزی پر نوٹس جاری کیا گیا۔ جس پر سلطانز انتظامیہ نے برہمی اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔ پی سی بی کے مطابق پی ایس ایل 10 سے قبل ہی فرنچائز مالک علی ترین نے سوشل میڈیا انٹرویوز اور پوڈ کاسٹس میں لیگ کی شہرت کو نقصان پہنچانے کی مہم چلائی۔ نوٹس میں معاہدہ ختم کرنے اور علی ترین کو بلیک لسٹ کرنے کی دھمکی دی گئی تھی۔ ملتان سلطانز کا کہنا ہے کہ ملتان سلطانز نے اکیڈمیز کے قیام سمیت کرکٹ اور نوجوان کرکٹرز کی بہتری کیلئے قابل قدر اقدامات کیے ۔ اربوں روپے کی سرمایہ کاری ہے اور 7 ارب روپے کا نقصان بھی اٹھایا ہے۔ تعمیری تنقید کو جرم سمجھنا سمجھ سے باہر اور پی ایس ایل کی کمزوری ظاہر کرتا ہے۔ پاکستان کرکٹ کے ساتھ علی ترین کی وابستگی متزلزل ، ان کا واحد مقصد پی ایس ایل کو اس سطح پر پہنچانا ہے جو اس کے کھلاڑیوں اور شائقین کا حق ہے۔