کراچی سیف سٹی پروگرام، شہر میں 12 ہزار جدید ترین کیمرے لگیں گے

July 03, 2022

کراچی( افضل ندیم ڈوگر) کراچی سیف سٹی پروگرام پر کام کا آغاز چند دنوں میں ہو رہا ہے، جس کے تحت شہر میں 12 ہزار جدید ترین کیمرے لگیں گے پہلے مرحلے میں 6 ہزار کیمرے دسمبر تک کام شروع کر دیں گے۔ مزید 6 ہزار کیمرے اگلے سال فعال ہوجائیں گے۔ ڈائریکٹر جنرل سیف سٹی پروگرام مقصود میمن نے جیو نیوز سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ ہم نے اس منصوبے کو فائنلائز کردیا ہے۔ وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ اور دیگر حکام نے بہت کاوشیں کی ہیں۔ این ای ڈی یونیورسٹی کے تعاون سے منصوبے کو ٹیکنالوجیکلی اس قدر امپرو کیا ہے کہ بہترین ٹیکنالوجی لے کر رہے ہیں۔ شہریوں کے لیے خوشخبری ہے کہ جو چیزیں باہر کی دنیا کے لیے سنتے تھے کہ سیف سٹی اور اسمارٹ سٹی کی جدیدیت ہے وہ اب کراچی میں ملے گی۔ مقصود میمن نے بتایا کہ سیف سٹی پروگرام کے تحت کراچی کے تمام زون، تمام انٹری ایگزیٹ پوائنٹس، شاپنگ سینٹرز، بزنس ایریاز کو ان کیمروں سے کور کریں گے۔ مقصود میمن کے مطابق سابقہ منصوبہ بندی کے تحت شہر میں دس ہزار کیمرے تین سال میں لگائے جانے تھے۔ مجھے یہ منصوبہ رواں سال جنوری میں ملا۔ ہم نے مزید دو ہزار کیمروں کا اضافہ کیا ہے اور ایک سال بچایا ہے اس منصوبے کو دو سال میں مکمل کرنے کی کوشش کریں گے۔ دو سال کے اندر اسٹیٹ آف دی آرٹ انٹی گریٹ کمانڈ اینڈ کنٹرول روم کے ساتھ کام شروع کردیں گے۔ انہوں نے بتایا کہ اس پروگرام کے لیے سندھ حکومت نے فنڈز جاری کر دیئے ہیں اور جولائی کے وسط میں کام شروع ہو جائے گا۔ انہوں نے بتایا کہ سیف سٹی پروگرام کے تحت صرف کیمرے ہی نہیں لگا رہے اس کے ساتھ آرٹیفیشل انٹیلیجنس کی وہ ٹیکنالوجی استعمال کر رہے ہیں جو دنیا میں ٹاپ آف دی لائن ہے۔ ہر ایک کیمرے کے پیچھے جدید سافٹ ویئر کام کر رہا ہوگا۔