ہسپتالوں کی ایمرجنسی میں سٹریچرز ، ویل چیئرز کی عدم دستیابی سے مریض پریشان

July 03, 2022

راولپنڈی (ناصر چشتی/خصوصی نمائندہ) راولپنڈی کے تینوں بڑے ہسپتالوں کی ایمرجنسی میں سٹریچرز اور ویل چیئرز کی عدم دستیابی سے ہنگامی صورتحال میں ہسپتال آنے والوں کو مزید تکلیف کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے اور مریضوں کو گھنٹوں سٹریچر کیلئے خوار ہونا پڑتا ہے۔ ہر مریض کے لواحقین سے شناختی کارڈ لے کر گھنٹوں بعد اگر کوئی سٹریچر ہو تو دے دیا جاتا ہے مگر اکثر لواحقین کو یہی شکایت ہے کہ سٹریچر نہیں ملتا اور ایمرجنسی میں بعض اوقات لواحقین کو مریض کو اٹھا کر اندر لے جاتے ہوئے دیکھا جاسکتاہے۔ شہریوں نے کہا ہے کہ ہسپتالوں میں اگر ایک شخص کی ڈیوٹی لگا دی جائے اور وہ صرف یہی کام سرانجام دے تو ایمرجنسی میں آنے والے مریضوں کی جان بچائی جاسکتی ہے۔ کم سے کم 20 سٹریچر ہر ہسپتال کی ایمرجنسی کے باہر ہر وقت ہونے چاہیں۔ انہوں نے کہا کہ آر آئی سی میں ایمرجنسی میں سٹریچر کی فراہمی اور مریض کو فوراً ایمرجنسی کے اندر لے جانے کیلئے عملہ موجود ہوتا ہے، دیگر ہسپتالوں کی انتظامیہ کو بھی چاہئے کہ ایمرجنسی میں خصوصی سٹاف رکھا جائے جوسٹریچر اور ویل چیئرز کے بندوبست کی نگرانی کرے۔