پیپلزپارٹی نے کراچی کو فتح کرنے کیلئے سیاسی ایڈمنسٹریٹر لگا دیا، حافظ نعیم

July 04, 2022

کراچی (اسٹاف ر پو ر ٹر )امیرجماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمٰن نے 24جولائی کو ہونے والے بلدیاتی انتخابات کے سلسلے میں اپنے حلقہ انتخاب یوسی 8بلاک A،بلاک B،بلاک Fاورضلع شرقی میں یو سی 1،صفورہ یو سی 2،یو سی 6،یوسی 3،گلشن اقبال یوسی 7 اور 8 کے علیحدہ علیحدہ دورے کیے،نوجوانوں کی بیٹھک میں شرکت کی او رنارتھ ناظم آباد کی مسجد ابراہیم میں نمازیوں اور مسجد کے خطیب سے ملاقات کے علاوہ الیکشن آفسز کا افتتاح بھی کیا،اس موقع پریوسی 8کے وائس چیئرمین ذوالفقار احمد، وارڈ کونسلرز ریاض احمد، صابراحمد،ناظم انتخاب یوسی 8مشیر الاسلام، ہمایوں نقوی،سکریٹری ضلع شرقی ڈاکٹر فواد،نائب امیر ضلع نعیم اختر ودیگربھی موجود تھے،حافظ نعیم الرحمٰن نے خطاب کرتے کہاکہ حکمرانوں کی نااہلی کی وجہ سے بلدیاتی انتخابات ڈھائی سال تاخیر سے ہورہے ہیں اس کے باوجود شہریوں میں نئی امید پیدا ہوئی ہے اور نوجوان طبقہ خاص طور پر جماعت اسلامی میں شمولیت اختیار کررہا ہے، پیپلزپارٹی بتائے کہ 14سال میں 500ارب روپے کہاں خرچ کیے،کون سا بڑا منصوبہ بنایا؟ہم صرف کراچی کی بات نہیں کرتے پیپلزپارٹی سندھ کے کسی شہر کے بارے میں بتادے کہ وہاں کوئی بڑا منصوبہ بنایا ہو؟پیپلزپارٹی نے کراچی کو فتح کرنے کے لیے سیاسی ایڈمنسٹریٹر تعینات کردیا ہے، اگر جعل سازی کے ذریعے کراچی کا میئر بھی پیپلزپارٹی کا آجائے گا تو کراچی کا وہی حال ہوگا جو گزشتہ 14سال سے ہورہا ہے بلکہ کراچی مزید تباہی کی طرف جائے گا،اگر کراچی میں ایم کیو ایم کا میئر آتا ہے وہ بھی وہی کر ے گا جوگزشتہ 35سال سے پیپلزپارٹی کے ساتھ مل کرکررہے ہیں،پیپلزپارٹی اور نہ ایم کیو ایم کوئی بھی کراچی کو اون نہیں کرسکتا اور نہ ان کے پاس باصلاحیت افراد موجود ہیں،پی ٹی آئی صرف سوشل میڈیا پر کراچی فتح کرسکتی ہے عملا کچھ نہیں کرسکتی۔