سپریم کورٹ سودی فیصلے کیخلاف نظر ثانی اپیلیں مسترد کر دے ،ساجدمیر

July 04, 2022

لاہور(خبرنگار)مرکزی جمعیت اہل حدیث پاکستان کے سربراہ سینیٹر پروفیسر ساجد میر نے سپریم کورٹ سے اپیل کی ہے کہ سود کے فیصلے کے خلاف نظر ثانی کی اپیلوں کو مسترد کر دے ، پنجاب میں ضمنی انتخابات میں مسلم لیگ ن کے امید واروں کی حمایت کر رہے ہیں، وفاقی شرعی عدالت کے فیصلے کو عدالت عظمیٰ میں چیلنج کرنے والے بینک ہوش کے ناخن لیںاور اپیل واپس لیں ورنہ عوام کے شدید ردعمل کا سامنا کرنا پڑے گا۔اس امرکا اظہار انہوں نے مرکز راوی روڈ میں مرکزی کابینہ کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کے معاشی نظام کو مغربی اصولوں پر نہیں بلکہ اسلامی اصولوں پر استوار دیکھنا چاہتے ہیں ۔ آئی ایم ایف کی غلامی سے نکلے بغیر پاکستان مسائل کی دلدل سے باہر نہیں نکل سکتا۔ مہنگائی نے عوام کی چیخیں نکال دیں، حکومت مسائل کے حل کے لیے روڈ میپ دے۔ اجلاس میں ناظم اعلیٰ ڈاکٹر حافظ عبدالکریم، مولانا علی محمد ابو تراب، قاری صہیب میر محمدی، علامہ شفیق خاں پسروری و دیگر نے شرکت کی۔