پی ٹی آئی، پیپلزپارٹی اور ایم کیو ایم کو کراچی کا حق نہیں مارنے دینگے، حافظ نعیم الرحمٰن

July 05, 2022

کراچی (اسٹاف ر پو ر ٹر )امیرجماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمن نے کہا ہے کہ مسلم لیگ ن، پی ٹی آئی، پیپلزپارٹی اور ایم کیو ایم کوکراچی کا مزید حق نہیں مارنے دیں گے،کے فور منصوبہ 650ملین گیلن سے کم کسی صورت قبول نہیں،منصوبہ فوراًمکمل کیا جائے،کے الیکٹرک کالائسنس منسوخ کر کے فارنزک آڈٹ کیا جائے، اربن فلڈنگ سے بچاؤ کے انتظامات کیے جائیں، جماعت اسلامی اور الخدمت نے ہنگامی حالات سے نبٹنے کے لیے رضاکاروں پر مشتمل ٹیم تیارکرلی ہیں، جماعت اسلامی نے کراچی میں 11رین ایمرجنسی سینٹر قائم کر دیئے، حکومت اربن فلڈنگ کے انتظامات کرے۔ ہم کراچی کے شہریوں اور نوجوانوں سے بھی اپیل کرتے ہیں کہ وہ رضاکارانہ طور پر ہماری ٹیم کا حصہ بنیں، ہم وفاق اور صوبہ سے بھی کہنا چاہتے ہیں کہ ڈیزاسٹر منیجمنٹ کا اتنا بڑا ادارہ موجود ہے جس پر اربوں روپے کا بجٹ ہے اس کو بھی فعال کیا جائے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے پیر کو ادارہ نورحق میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔اس موقع پر نائب امراء کراچی ڈاکٹر اسامہ رضی، راجاعارف سلطان، انجینئر سلیم اظہر،سکریٹری اطلاعات زاہد عسکری ودیگر بھی موجود تھے۔حافظ نعیم الرحمن نے خطاب کرتے ہوئے مزیدکہاکہ کراچی میں 17سال سے ایک بوند پانی کا اضافہ نہیں ہوا۔کے فور منصوبہ 650ملین گیلن یومیہ کا تھا لیکن سابق وزیر اعظم عمران خان نے 260گیلن یومیہ کا کردیا۔