پروازوں میں تاخیر کے سبب ہیتھرو ائرپورٹ پر افراتفری کا عالم

July 05, 2022

لندن (پی اے )تعطیل مناکر وطن واپس آنے والے مسافروں کا کہناہے کہ پروازوں میں تاخیر کے سبب ہیتھرو ایئر پورٹ پر افراتفری کا عالم ہے ،تعطیل مناکر واپس آنے والے ایک مسافر 59سالہ ایڈم کینٹ نے بتایا کہ وہ ہفتہ کو وطن واپس پہنچا تو ایئر پورٹ پر افراتفری کا عجیب عالم تھا اس کا موازنہ وسیع تباہ کاری سے متعلق کسی فلم سے کیا جاسکتاہے۔انھوں نے بتایا کہ مسافروں کاسامان ایک جگہ ڈال دیاگیاتھا ہر طرف مسافروں کاسامان غائب تھا اور بیگیج بیلٹ سے ہر ایک خود ہی سامان نکالنے کی کوشش کررہاتھا ،اور کسٹمر سروس کی حالت افسوسناک تھی،مسافروں کے بھول جانے والے سامان کی حفاظت کا کوئی انتظام نہیں اور اسے بآسانی چرایا جاسکتا تھا ۔ہیتھرو ایئر پورٹ کے ایک ترجمان نےتاخیر پر معذرت کرتے ہوئے کہا تاخیر ایئر پورٹ پر فیولنگ سسٹم میں خرابی سے ہوئی ،ہیتھرو ایئر پورٹ کے ترجمان کا کہناہے کہ تکنیکی خرابی دور کردی گئی ہے لیکن ہفتہ کو روانہ ہونے والی پروازیں تاخیر کا شکار ہوں گی ہم اس کی وجہ سے لوگوں کے سفر پر پڑنے والے اثرات پر معذرت خواہ ہیں۔ اس سے قبل مسافروں نے قطاروں اور ایئر پورٹ پر مکمل افراتفری کی شکایت کی تھی جس کے بعد ایئرپورٹ نے جمعرات کو شیدول 30پروازیں منسوخ کردیں۔ ایئر لائنز کی جانب سے بھی مزید پروازوں کا اعلان متوقع ہے تاکہ خلل کم از کم پڑے۔ حکومت کی جانب سے ایئر پورٹ رولز کے بارے میں ایمنسٹی جمعہ کو جاری رہے گی جس کے ایئر لائنز کو جرمانے کے خوف کے بغیر پروازوں کا شیڈول تبدیل کرنے کا اختیار حاصل ہوگیاہے۔