محکمہ صحت کا کانگو وائرس الرٹ جاری، حفاظتی تدابیر کا مشورہ

July 05, 2022

راولپنڈی(نمائندہ جنگ) محکمہ صحت راولپنڈی نے عید الاضٰحی کے پیش نظر کانگو وائرس کا الرٹ جاری کر دیا ۔ڈائریکٹر ہیلتھ سروسز ڈاکٹر خالد نے اس سلسلے میں محکمہ صحت کے تمام ضلعی افسران کو کانگو وائرس سے بچاؤ کے لئے خصوصی اقدامات کرنے کی ہدایت کی ہے۔ انہوں نے شہریوں کو ہدایت کی کہ قربانی کا جانور خریدنے سے پہلے اچھی طرح چیک کرلیں کہ اس کے جسم پر چیچڑ نہ ہوں جو کہ کانوں کے اندر، منہ کے اردگرد اور جسم کے کسی بھی حصہ میں ہو سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کانگو بخار سے بچاؤ کے لئے حفاظتی تدابیر لازمی اپنائیں، تیز بخار، سر درد، کمر درد اور پٹھوں میں درد کانگو بخار کی علامات ہیں۔ انہوں نے کہا کہ علامات ظاہر ہونے کی صورت میں قریبی مرکز صحت یا سرکاری ہسپتال سے فوری رجوع کریں۔