چینی وفد کی وزیر اعلیٰ سے ملاقات، جامعہ کراچی میں خودکش حملے کی تحقیقات میں پیشرفت پر تبادلہ خیال

July 05, 2022

کراچی (اسٹاف رپورٹر ) وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ سے چین کے ڈپٹی ڈائریکٹر جنرل سی ٹی ڈی مسٹر گاؤ فی (Gao Fei)کی قیادت میں 13 رکنی چینی وفد نے ملاقات کی، اور صوبہ سندھ میں کام کرنیوالے چینی شہریوں کی سکیورٹی اور جامعہ کراچی میں خودکش حملے کی تحقیقات میں پیشرفت پر تبادلہ خیال کیا۔اجلاس میں چیف سیکریٹری سہیل راجپوت، آئی جی پولیس غلام نبی میمن، سیکریٹری داخلہ سعید منگنیجو، ایڈیشنل آئی جی (سی ٹی ڈی) عمران یعقوب منہاس اور وزیراعلیٰ کے اسپیشل سیکریٹری رحیم شیخ نے شرکت کی۔ چینی وفد کے ارکان میں کراچی میں چین کے قونصل جنرل مسٹر لی بیجیان ، چائنہ ایمبیسی میں پولیس قونصلر لی چنگ چُن (Li Qingchun) ، ٹیکنیکل ماہر مسٹر لی ژی گانگ سی ٹی ڈی کے ایم پی ایس لی ژاؤ گوانگ ، ڈائریکٹر، سائبر سیکیورٹی کے ٹیکنیکل ایکسپرٹ ما جِنگ چاؤ ، شنگھائی پولیس اتھارٹی کے پی لی اچی اور دیگرشامل تھے۔ وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ محکمہ پولیس کے جمع کردہ اعداد و شمار سے ظاہر ہوتا ہے کہ 3637 چینی سندھ میں CPEC کے آٹھ منصوبوں پر کام کر رہے ہیں۔