شان مسعود کے ساتھ تصاویر بنوانے کیلئے بھارتی مداحوں کی قطاریں

July 06, 2022

لندن (عمران منور) ڈربی شائر فالکنز اور دورے پر آئی ہوئی بھارتی ٹیم کے ساتھ ٹی 20میچ کے اختتام پر سیکڑوں بھارتی باشندوں نے پاکستانی کرکٹر شان مسعود کے ساتھ تصاویر بنوانے اور آٹوگراف لینے کیلئے قطار لگادیں۔ اگرچہ شان مسعود کی قیادت میں کھیلتے ہوئے ڈربی شائر فالکن میچ ہار گئی لیکن اس کے باوجود کھیل کے اختتام پر حیران کن مناظر دیکھنے کو ملے، شان مسعود کھیل ختم ہونے کے بعد بھی کم وبیش 45منٹ میدان میں رہے اور اسٹیڈیم میں ایک سرے سے دوسرے تک جاتے رہے تاکہ لوگ ان کے ساتھ تصاویر بنوا سکیں۔ میچ کے بعد جیو سے باتیں کرتے ہوئے شان مسعود نے اس صورت حال کو حیرت انگیز اور کرکٹ کے کھیل کے ساتھ مختلف مذاہب اور ثقافت کے لوگوں کی انسیت کا نتیجہ قرار دیا۔ انھوں نے کہا کہ اس کھیل کے ساتھ لوگوں کے جذباتی لگائو کی وجہ سے ایک کھلاڑی کی حیثیت ہم پر بھی یہ فرض عاید ہوتاہے کہ ہم ان کیلئے کچھ وقت نکالیں۔ اگرچہ میچ میں شان کی کارکردگی بہت اچھی نہیں رہی لیکن ان کا کہناتھا کہ اس میچ کی میزبانی ایک کلب کی حیثیت ڈربی شائر کیلئے ایک اہم دن تھا، انھوں نے کہا کہ میں سمجھتا ہوں کہ ہم خوش قسمت ہیں کہ ہمیں بھارت کے خلاف کھیلنے کا موقع ملا، شان مسعود اپنی پہلی کائونٹی سیزن میں بیٹس میں کی حیثیت سے معروف ہیں اور انھوں نے فرسٹ کلاس میچوں میں82.6 کی اوسط کے ساتھ 1,074 رنز بنائے ہیں وہ اس سیزن کے پہلے کھلاڑی ہیں جو ایک ہزار سے زیادہ رنز بناچکے ہیں ،ٹی 20 بلاسٹ میں ڈربی شائر کی جانب سے کھیلتے ہوئے انھوں نے 45.58 رنز کی اوسط سے 547رنز بنائے ہیں ،لیکن شان کو افسوس ہے کہ وہ بھارت کے خلاف میچ میں رنز نہیں بناسکے۔ انھوں نے اپنے چہرے پر مسکراہٹ برقرار رکھنے کیلئے رنز بنانا ضروری ہوتاہے ۔شان مسعود کو خوشی ہے کہ انھیں انھیں سری لنکا کے خلاف میچ کیلئے 18 رکنی اسکواڈ کا حصہ بنایا گیاہے سری لنکا کا دورہ اسی مہینے کے آخر میں شروع ہوگا ،انھوں نے آخری مرتبہ گزشتہ سال جنوری میں پاکستان کی جانب سے ٹیسٹ میچ میں حصہ لیاتھا ،اب ان کو اس میں کھیلنے کاموقع ملے گا یانہیں لیکن وہ اس کے بارے میں بہت حقیقت پسند ہیں ان کا کہناہے کہ اپنے وطن کی نمائندگی کرنا ہمیشہ بہت اہمیت رکھتی ہے ان کا کہناہے کہ میں بہت پر امید ہوں لیکن میں حقیقت پسند بھی ہوں۔ان کا کہناہے کہ اگر مجھے کھیلنے کاموقع ملا تو میں اچھی کارکردگی دکھانے کی کوشش کروں گا میں دروازے پر دستک دیتارہوں گا اور جب بھی مجھے آفر کی گئی اچھی کارکردگی کامظاہرہ کروں گا۔لیکن اس کے ساتھ ہی ڈربی شائر کو اپنے ٹی 20 بلاسٹ کے ناک آئوٹ رائونڈ میں اپنے ایک اچھے پرفارمر کے بغیر ہی کھیلنا پڑے گا ،فالکن نے اب تک اپنے گروپ میں شاندار کاکردگی کامظاہرہ کیا ہے اور 14 میچز میں سے 9میچ جیتے ہیں۔اس مرحلے پر شان مسعود کی واپسی سے ٹیم کو نقصان پہنچے گا اور ڈربی شائر ان کے جانے پر افسردہ ہے۔انھوں نے کہا کہ مجھے خوشی ہے کہ میری ٹیم ٹی 20بلاسٹ کے ناک آئوٹ رائونڈ کیلئے کوالیفائی کرچکی ہے جو ڈربی شائر فالکنز کی ایک بڑی کامیابی ہے۔ انھوں نے کہا کہ ٹیم اور منیجمنت میرے جانے سے افسردہ ہے اور مجھے بھی آخری میچز شرکت نہ کرنے پر افسوس ہے لیکن پاکستان میرے لئے پہلی ترجیح ہے اور جب قومی فریضہ آپ کو آواز دے تو سب کچھ پیچھے چھوڑ دیناچاہئے ۔