جماعت اسلامی کو ووٹ دیں، ہمارا میئر شہر کے حالات بدل دیگا، حافظ نعیم

July 06, 2022

کراچی (اسٹاف رپورٹر )امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمن نے کہا ہے کہ بلدیاتی انتخابات میں کامیابی کے بعد 17سال قبل نعمت اللہ خان کی تعمیر و ترقی کے چھوڑے ہوئے سفر کو از سر نو دوبارہ شروع کریں گے، کراچی کے عوام ترازو کو ووٹ دیں اور اپنے اور اپنے بچوں کے مستقبل کو محفوظ بنائیں، آزمائے ہوئے لوگوں کو دوبارہ آزمایا تو وہ وہی کریں گے جو پہلے کر چکے ہیں، جماعت اسلامی کا میئر اختیارات نہ ہونے کا رونا رونے کے بجائے شہر کے حالات بندلے گا اور عوام کے مسائل حل کریگا، خواتین کیلئے با عزت اور بہتر ٹرانسپورٹ، ان کی تعلیم و تربیت سمیت کھیل کے ادارے بھی قائم کرینگے، شہر میں نئے کالجز اور اسکول بنائیں گے، فیملی اور ماڈل پارکوں کو آباد کریں گے،ان خیالات کا اظہار انہوں نے منگل کو انجمن کمپلیکس نارتھ ناظم آباد میں حلقہ خواتین جماعت اسلامی ضلع وسطی کے تحت خواتین بلدیاتی کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ کنونشن سے قائم مقام ناظمہ کراچی فرح عمران،ضلع وسطی کی ناظمہ مسرت جنید نے بھی خطاب کیا ۔حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ نعمت اللہ خان نے اپنے دور میں تعمیر وترقی کے مثالی پروجیکٹس مکمل کیے،32نئے کالجز بنائے،ماڈل پارکس تعمیر کیے، شہر کی گلیوں اور چھوٹی سڑکوں سمیت 50اہم شاہرائیں اعلیٰ اور بین الاقوامی معیار کے مطابق تعمیر کیں لیکن آج صورتحال یہ ہے کہ تھوڑی سی بارش سے ہی سڑکوں میں جگہ جگہ گھڑے پڑ گئے ہیں۔