کراچی (اسٹاف رپورٹر) ڈاؤ یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز نے متعدی امراض کے علاج اور اینٹی مائیکروبیل ادویہ کے ذمہ دارانہ استعمال میں ڈاکٹروں کی معاونت کے لیے مقامی طبی ضروریات کے مطابق تیار کردہ ’’بگ اینڈ ڈرگ‘‘ (Bug & Drug) کلینیکل ڈسیژن سپورٹ ایپ متعارف کرا دی، وائس چانسلر پروفیسر نازلی حسین نے سندھ انسٹی ٹیوٹ آف انفیکشس ڈیزیزز اسپتال کے آڈیٹوریم میں ایپ کا افتتاح جبکہ پروفیسر ایمریطس ڈاکٹر محمد سعید قریشی نے اس کی پبلی کیشن کا آغاز کیا، اس موقع پر پروفیسر نازلی حسین نے کہا کہ پاکستان میں متعدی امراض کے ماہرین کی تعداد محدود ہے، خصوصاً چھوٹے اور سیکنڈری کیئر اسپتالوں میں ہر وقت ماہر کی دستیابی ممکن نہیں، ایسے میں ایپ ڈاکٹروں کو مریض کے بستر پر شواہد پر مبنی طبی رہنمائی فراہم کرسکتی ہے، انہوں نے ایپ کو مقامی اسپتالوں کے اعداد و شمار کے مطابق باقاعدگی سے اپ ڈیٹ کرنے اور اس کے استعمال کے لیے ٹیوٹوریل تیار کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔