میڈیا ہاؤسز میں اُجرت مراعات ناکافی، مناسب کی جائیں، شرجیل میمن

July 06, 2022

کراچی (اسٹاف رپورٹر) وزیر اطلاعات سندھ شرجیل انعام میمن نے کہا ہے کہ میڈیا ہاؤسز کی جانب سے صحافیوں اورغیر صحافی کارکنوں کو دی جارہی ، اُجرت اور مراعات ناکافی ہیں، میں میڈیا ہاؤسز سے التجا کرتا ہوں کہ ورکرز کو مناسب تنخواہیں اور مراعات دی جائیں، تمام صحافیوں کولائف انشورنس اور ہیلتھ انشورنس دی جائیگی، جس میں فوٹوگرافرز بھی کور ہونگے۔ وہ منگل کو یہاں کراچی پریس کلب میں منعقد پاکستان ایسوسی ایشن آف پریس فوٹوگرافرز (پیپ) کے نو منتخب عہدیداروں کی تقریب حلف برداری میں مہمان خصوصی کی حیثیت سے خطاب کر رہے تھے، جس میں پاکستان فیڈرل یونین آف جرنلسٹس (پی ایف یو جے)کے صدر جی ایم جمالی ،پریس کلب کے صدر فاضل جمیلی ، جنرل سیکرٹری محمد رضوان بھٹی و دیگر موجود تھے۔ وزیر اطلاعات نے پیپ کے نو منتخب عہدے داروں کو مبارک باد دیتے ہوئے کہا کہ فیلڈ میں جو ہمارے فوٹوگرافرز اور کیمرہ مین کام کرتے ہیں، ان کی جان ہمیشہ اسٹیک پر ہوتی ہے، ان کا کام انتہائی مشکل ہے،شیلنگ ، واٹر کینن اور بلاسٹ کے واقعات میں جان کی پرواہ کئے بغیر وہ اپنے فرائض انجام دیتے ہیں، جتنی محنت کیمرہ مین اور فوٹوگرافرز کرتے ہیں کسی شعبے میں اس کی مثال نہیں ملتی، مگر میڈیا ہاؤسز کی جانب سے ملنے والی اجرت اور مراعات ناکافی ہیں، میں میڈیا ہاؤسز سے التجا کرتا ہوں کہ ورکرز کو مناسب تنخواہیں اور مراعات دی جائیں، سندھ حکومت نے پیپ کی گرانٹ ایک سے بڑھاکر 2ملین روپےکردی ہے، صحافیوں کیلئے نئی پالیسی بھی بنانے جا رہے ہیں، تمام صحافیوں کولائف انشورنس اور ہیلتھ انشورنس دی جائیگی، جس میں فوٹوگرافرز بھی کور ہو ں گے، پیپلز پارٹی نے ہمیشہ صحافیوں کی بہتری کے لئے کام کیا ہے، کیوں کہ اظہار آزادی کو پاکستان پیپلز پارٹی نے ہمیشہ اپنی ترجیحات میں رکھا ہے، صحافیوں کی فلاح کے لئے جتنی بھی اسکیمیں دیں، وہ پیپلز پارٹی نے ہی دی ہیں،صحافیوں کیلئے کام کر کے اطمینان اور دلی سکون محسوس ہوتا ہے، اسی لیے صحافیوں کے مشکل وقت میں محکمہ اطلاعات سندھ نے ہر ممکن مدد کی ہے۔