کراچی ( اسٹاف رپورٹر )وفاقی وزارت داخلہ کے زیر انتظام کراچی میں پاکستان کا سب سے بڑا خدمت مرکزبنے گا، وزیر داخلہ محسن نقوی نے آئی آئی چندریگر روڈ پر وزارت داخلہ کے دفتر کا دورہ کیا۔ وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا کہ گرینڈ خدمت مرکز میں وزارت داخلہ کے تمام اداروں کے کاؤنٹرز موجود ہونگے،وفاقی وزیرداخلہ نے 10 روز میں خدمت مرکز کا ماسٹر پلان طلب کرلیا،ادھر اسلام آباد میں ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کی صلاحیت کو جدید خطوط پر استوار کرنے کے لئے 17 سال بعد اسلام آباد ریسکیو 1122 اور فائر بریگیڈ کیلئے چین سے درآمد کی گئی 21 نئی جدید ترین گاڑیاں کراچی پورٹ پر پہنچ گئیں، اس سلسلے میں وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کراچی پورٹ کا دورہ کیا اور ریسکیو بیڑے میں شامل ہونے والی نئی گاڑیوں کا جائزہ لیا، محسن نقوی نے مزید کہا کہ خدمت مرکز میں عوام کو ایک چھت تلے پاسپورٹ، شناختی کارڈز، اسلحہ لائسنس،مختلف این او سیز اور دیگر سہولتیں ملیں گی،ہ خدمت مرکز کا ماسٹر پلان تمام ضروری تقاضوں کو مدنظر رکھتے ہوئے تیار کیا جائے گا،خدمت مرکز میں شہریوں کو مختلف سہولیات ایک ہی چھت تلے فراہم کی جائیں گی، انہوں نے خدمت مرکز کے قیام کے لیے تمام ضروری اقدامات یقینی بنانے کی ہدایت کی۔ دریں اثناء کراچی پورٹ پر وزیر داخلہ کو دی گئی بریفنگ میں بتایا گیا کہ یہ تمام گاڑیاں آئندہ 5 روز کے اندر کراچی سے اسلام آباد پہنچ جائیں گی۔