اینکر گرفتاری، اسلام آباد ہائیکورٹ نے دائرہ اختیار نہ ہونے پر درخواست نمٹادی

July 07, 2022

اسلام آباد (نمائندہ جنگ) اسلام آباد ہائیکورٹ کے چیف جسٹس اطہرمن اللہ نے اینکر عمران ریاض کی گرفتاری پر توہین عدالت کی درخواست دائرہ اختیار نہ ہونے پر نمٹاتے ہوئے درخواست گزار کو متعلقہ فورم سے رجوع کرنے کی ہدایت کر دی ہے۔ بدھ کو سماعت کے دوران عمران ریاض کی جانب سے میاں علی اشفاق اور قدیر جنجوعہ پیش ہوئے۔ چیف جسٹس اطہر من اللہ نے کہا کہ رات کو رجسٹرار کو رپورٹ دی گئی تھی کہ پنجاب پولیس نے پنجاب کی حدود سے گرفتاری کی ہے۔ درخواست گزار کے وکیل نے کہاکہ عمران ریاض نے کہا کہ مجھے اسلام آباد ٹول پلازہ سے گرفتار کیا گیا۔ وفاقی پولیس کے حکام نے عدالت کو بتایا کہ اسلام آباد ٹول پلازہ کے قریب سے گرفتار کیا گیا۔ چیف جسٹس نے کہاکہ صرف لاہور ہائی کورٹ ہی اس کیس میں یہ سوالات اٹھا سکتی ہے۔ درخواست گزار اس وقت اٹک میں ہے اور وہ اسلام آباد ہائی کورٹ کے دائرہ اختیار میں نہیں ہے۔ چیف جسٹس اطہرمن اللہ نے کہاکہ کوئی بھی درخواست گزار کسی بھی وقت آئے ہم سننے کیلئے تیار ہیں۔