سیاسی اختلافات بھلاکر ملک کو معاشی بحران سے نکالا جائے،سید حسن بخاری

August 09, 2022

لوٹن (شہزاد علی) نوٹنگہم کے سینئر کونسلر اور مشہور سیاسی شخصیت سید حسن بخاری نے کہا ہے کہ پاکستان کے موجودہ سیاسی حالات نہایت تشویش ناک ہیں، ملک کی اقتصادی اور معاشی صورتحال کا تقاضا ہے کہ حکومت اور اپوزیشن اختلافات بالائے طاق رکھ کر ملک کو معاشی بحران سے نکالیں، وہ ریڈنگ میں ایک تقریب میں بطور مہمان خصوصی خطاب کر رہے تھے۔انہوں نے کہا کہ عمران خان کو بھی لچک کا مظاہرہ کرنا چاہیے اور ملک کی تمام سیاسی قوتوں کو باہم مل کر موجودہ سنگین صورتحال سے ملک کو نکالنے کی سبیل کرنی چاہیے۔قبل ازیں سید حسن بخاری کی قیادت میں متعدد شخصیات نے ریڈنگ کی ممتاز شخصیت سید مسعود بخاری کی رحلت پر مرحوم کی رہائش گاہ پر جاکر فیملی کے ساتھ تعزیت اور ہمدردی کا اظہار کیا۔ شرکاء میں سابق ایم پی اے زمین خان، پیر سید اعجاز محی الدین قادری، اعظم خان راجہ، بشیر آرائیں، میاں سلیم، صغیر کاظمی، لالہ اقبال، محمد شفیق، ڈاکٹر اعجاز، راجہ فاروق اختر شامل تھے۔ دریں اثناء سید حسن بخاری اور دیگر نے ریڈنگ میں راجہ اصغر کی رہائش گاہ پر ان کی والدہ کی رحلت پر بھی تعزیت کی اور مرحومہ کے ایصال ثواب کیلئے دعا کی ۔