لوگوں نے خرچ پر کنٹرول سخت کرنے کیلئے کیش کا استعمال شروع کردیا

August 11, 2022

لندن (پی اے) پوسٹ آفس کی جانب سے کرائی جانے والی ایک نئی ریسرچ کے مطابق اخراجات زندگی میں اضافے کے بعد لوگوں نے خرچ پر کنٹرول سخت کرنے کیلئے کیش کا استعمال شروع کردیا۔ پوسٹ آفس سے جولائی کے دوران 801لوگوں نے کیش رقم نکلوائی، یہ رقم 5 سال قبل کے مقابلے میں بہت زیادہ ہے، یہ رقم ایک سال قبل کے مقابلے میں 20فیصد زیادہ ہے۔کیش ایکشن گروپ کی سربراہ کا کہنا ہے کہ اس سے ظاہر ہوتا ہے کہ اب لوگ ایک ایک پینی کا حساب کر رہے ہیں، جس کا سبب یقیناً اخراجات زندگی میں اضافہ ہے، لوگ اب نقد رقم نکال کر ذاتی طورپر رقم اداکر رہے ہیں۔ بلز میں بھی یہی صورت حال ہے اور خوراک کے معاملے میں بھی صورتحال یہی ہے، قیمتوں میں اضافےکی وجہ سے لوگوں کی مالی حالت بہت سکڑ گئی ہے اور انھیں زندگی گزارنا مشکل ہو رہا ہے۔ اعدادوشمار کے مطابق جولائی میں پوسٹ آفسوں میں مجموعی طورپر 3.32بلین پونڈ جمع کرائے اور نکالے گئے، یہ رقم جون کے مقابلے میں 100 ملین پونڈ زیادہ ہے۔ یہ گزشتہ 5سال کے مقابلے میں سب سے زیادہ رقم ہے۔ پوسٹ آفس کا کہنا ہے کہ اس نے اپنے منیجرز کی مدد کیلئے اپنی11,500 برانچوں میں اضافی رقم پہنچا دی ہے۔ پوسٹ آفس کی جانب سے کرائے گئے ایک حالیہ سروے سے یہ بھی ظاہر ہوا ہے کہ 71فیصد برطانوی شہری اس سال تعطیلات منانے کیلئے جانا چاہتے ہیں اور وہ اس مقصد کیلئے کیش نکلوا سکتے ہیں۔ پوسٹ آفس کے ڈائریکٹر مارٹن کیئر سلے کا کہنا ہے کہ ہم دیکھ رہے ہیں کہ اب زیادہ لوگ کیش پر انحصار کررہے ہیں کیونکہ اس طرح وہ اپنے بجٹ کو حد میں رکھنے کی کوشش کرتے ہیں۔ریسرچ رپورٹ کے مطابق اس عرصے کے دوران کیش جمع کرانے کی شرح میں بھی اضافہ ہوا ہے اور لوگوں نے جولائی میں 1.35بلین پونڈ جمع کرائے جو ماہانہ بنیادپر جمع کرائے جانے والے کیش کے مقابلے میں 2 فیصد زیادہ ہے، دکانداروں نے جولائی کے دوران 1.13 بلین پونڈ جمع کرائے، جو جون کے مقابلے میں 1.9 فیصد تھے۔ مسٹر کینی نے بی بی سی کوبتایا کہ برطانیہ کیش لیس ہو رہا تھا، گزشتہ ایک عشرے کے دوران کیش کا استعمال کم ہورہا تھا اور کورونا کی وبا کے دوران اس میں اضافہ ہورہا تھا لیکن اب اس میں اضافہ ہورہا ہے، یہ یقیناً اخراجات زندگی میں اضافے کی وجہ سے ہوا ہے۔