پاکستان فورم وارسا کے زیر اہتمام محرم الحرام کی محفل کا انعقاد

August 12, 2022

ابرسلز/ وارسا (نمائندہ جنگ) پولینڈ کے دارالحکومت وارسا میں پاکستان فورم وارسا کے زیر اہتمام محرم الحرام کی محفل کا انعقاد کیا گیا۔محفل میں عاشقان حضرت محمد مصطفیٰﷺ اور محبان امام حسینؓ نے شرکت کی۔ محفل کے دوران ذکر نواسہ رسول امام حسینؓ کیا گیا، خاص طور پر واقعہ کربلا پر گفتگو کی گئی۔ پاکستان فورم وارسا کے کوآرڈینیٹرسید طاہرعلی شاہ نے اس موقع پر کہاکہ امام حسینؓ نے اعلیٰ و ارفع مقصد کیلئے میدان کربلا میں قربانی دی۔ آپؓ کی شہادت ہمیں انسانیت کا درس دیتی ہے۔ امام عالی مقامؓ نے اعلیٰ انسانی اقدار کے تحفظ کا سبق دیا۔ آپؓ کی قربانی نے انسان کو ظالم و جابر کے سامنے کلمہ حق کہنے کی جرأت و ہمت دی۔ محفل میں قاری محمد مدثر اور سید عثمان سجاد شاہ نے حطاب کرتے ہوئے کہا کہ کس طرح امام عالی مقامؓ نے اپنے ساتھیوں کی انتہائی کم تعداد کے باوجود حق و صداقت کی سربلندی کے لیے جدوجہد کی اور اپنی و اپنے خاندان کے افراد اور ساتھیوں کی جانیں اللّٰہ کی راہ میں قربان کرکے عظیم مثال قائم کی۔ محفل کے دوران حضرت محمد مصطفیٰﷺ کی بارگاہ اقدس میں قاری امین مدنی اور میاں رضوان نے نعتوں کے نذرانے پیش کئے گئے اور حضرت امام حسینؓ وشہدائے کربلاؓ کی شان میں منقبت خوانی کی۔