دورہ نیدرلینڈز اور ایشیا کپ، بابر اعظم تبدیلی کیخلاف، ٹیم کا ہر کھلاڑی ٹرمپ کارڈ قرار

August 12, 2022

کراچی (اسٹاف رپورٹر) پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان بابر اعظم ٹیم میں بڑی تبدیلی کے حق میں دکھائی نہیں دے رہے ہیں۔ سینئر کھلاڑی سرفراز احمد، محمد عامر، وہاب ریاض اور عماد وسیم کے بعد وہ سابق کپتان شعیب ملک کی بھی فوری طور پر شمولیت کے حامی نہیں ہیں۔ شعیب ملک کی واپسی پر کہتے ہیں کہ میں نے کوچ اور سلیکٹرز کے ساتھ مشاورت کے بعد جو بہترین تھی وہ ٹیم منتخب کی ۔ صرف میں ہی نہیں تمام 11 کھلاڑی ٹرمپ کارڈ ہیں، سب پر اعتماد ہے، بطور ٹیم بہت اچھا کمبی نیشن بنا ہوا ہے۔ دورئہ نیدر لینڈ کے فوری بعد ایشا کپ ہے اس لیے ٹیم میں تبدیلی کا کوئی چانس نہیں ہے۔ عماد وسیم سمیت کسی کے لیے بھی ٹیم کے دروازے بند نہیں لیکن اس وقت محمد نواز اچھا پرفارم کر رہا ہے۔ وہ جمعرات کو نیدر لینڈ روانگی سے قبل لاہور میں پریس کانفرنس کررہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے ون ڈے میچز کافی عرصے بعد ہونے جا رہے تو یہ نہیں ہو سکتا کہ ہم اپنے سینئر کھلاڑیوں کو آرام کرادیں البتہ سینئر اور جونیئر کے امتزاج سے میدان میں اتریں گے۔ نئے کھلاڑیوں کو ضرور چانس دیں گے۔ شاداب کی واپسی کا فائدہ ہو گا۔ حسن علی کو ہمیشہ سپورٹ کیا ہے، امید ہے وہ ڈومیسٹک میں پرفام کرکے واپس ٹیم میں آئے گا۔یقین رکھتا ہوں کہ جو بھی کھلاڑی وکٹ پر کھڑا ہے وہ میچ جتوا کر ہی آئے گا،آصف علی، خوشدل شاہ اور افتخار احمد سے اچھی کارکردگی کی توقع ہے۔ شاہین آفریدی کی فٹنس جانچنے کیلیے ساتھ لے جارہے ہیں، چاہتے ہیں وہ ایشیا کپ سے پہلے مکمل فٹ ہوں۔ چاہ رہے ہیں کہ اگر وہ فٹ ہوں تو نیدرلینڈز کے خلاف بھی ایک میچ کھیلیں۔ وسیم جونیئر، حارث رؤف اور شاہنواز دھانی کی شکل میں ہماری بینچ اسٹرینتھ بہت اچھی ہے، ان کو موقع ملا ہے کہ پاکستان کے سینئر بولر نہیں ہیں تو وہ آگے بڑھ کر کارکردگی دکھائیں ۔ اُنہوں نے کہا کہ کامن ویلتھ گیمز میں گولڈ میڈل جیتنے والے کھلاڑیوں کو مبارکباد بھی پیش کی۔ واضح رہے کہ پاکستان اور نیدرلینڈز کے درمیان تین میچوں پر مشتمل ون ڈے سیریز 16اگست سے روٹرڈم میں شروع ہوگی۔ ایشیا کپ27اگست سے متحدہ عرب امارات میں شروع ہوگا۔