کراچی (اسٹاف رپورٹر) شاہین شاہ آفریدی کا آسٹریلوی لیگ بگ بیش میں ان فٹ ہونا پاکستان کرکٹ حکام اور فینز کیلئے باعث تشویش ہے۔ گرین شرٹس کو ٹی 20 ورلڈکپ میں ان کی ضرورت ہوگی۔ اس بات کے پیش نظر فاسٹ بولر کو پی سی بی نے فوری طور پر وطن واپس بلالیا ہے، شاہین آفریدی انجری کے باعث آسٹریلوی لیگ بگ بیش سے باہر ہوگئے۔ بگ بیش میں برسبین ہیٹ کی نمائندگی کرنے والے شاہین آفریدی ہفتے کو ایڈیلیڈ اسٹرائیکرز کے خلاف میچ میں گھٹنے کی انجری کاشکار ہوئے تھے۔ انجری کی وجہ سے صرف 3 ہی اوور کراسکے تھے اور 14ویں اوور کے بعد میدان سےباہر چلے گئے تھے۔ برسبین ہیٹ نے فاسٹ بولر کے گھٹنے کی تکلیف کی تصدیق کی۔ خود شاہین آفریدی نے اب سوشل میڈیا پر بتایا ہے کہ ان کی انجری کو دیکھتے ہوئے پاکستان کرکٹ بورڈ نے انہیں فوری طور وطن واپس آنے کی ہدایت کی ہے جہاں وہ اپنا ری ہیب مکمل کریں گے۔ شاہین شاہ آفریدی نے سپورٹ کرنے پر برسبین ہیٹ اور فینز کا شکریہ ادا کیا۔ وہ ممکنہ طور پر بدھ کو وطن واپس آجائیں گے۔ ان کے لیے نیشنل کرکٹ اکیڈمی میں ری ہیب پروگرام تشکیل دیا جائے گا ۔ اس حوالے سے برسبین ہیٹ نے جاری پیغام میں کہا ہے کہ ٹیم کی ایڈیلیڈ سے واپسی پر شاہین آفریدی کا دوبارہ معائنہ کیا جائے گا۔ شاہین آفریدی نے سوشل میڈیا پر پیغام میں بتایا کہ غیر متوقع طور پر انجری کی وجہ سے پاکستان کرکٹ بورڈ نے انہیں وطن واپس بلا لیا ہے اور وہ اب پاکستان میں ری ہیب مکمل کریں گے۔ انہوں نے امید ظاہر کی ہے کہ جلد ہی وہ دوبارہ کھیل کے میدان میں واپس آئیں گے۔ واضح رہے کہ شاہین آفریدی اور بابر اعظم دورہ سری لنکا کیلئے اعلان کردہ قومی اسکواڈ میں شامل نہیں ۔ سری لنکا کے خلاف تین ٹی 20 کے بعد جنوری کے آخر میں آسٹریلیا کے خلاف ہوم سیریز ہوگی، جو T20 ورلڈ کپ 2025 کی تیاری کا حصہ ہے۔ شاہین کی گھٹنے کی چوٹ کی شدت بھی اس پر سوالات اٹھاتی ہے کہ وہ ورلڈ کپ 2026 کیلئے دستیاب ہوں گے یا نہیں، جو 7 فروری سے بھارت اور سری لنکا میں شروع ہوگا۔