کراچی (نصر اقبال/ اسٹاف رپورٹر ) پرو ہاکی لیگ کیلئے قومی ٹیم کا تربیتی کیمپ پانچ جنوری سے اسلام آباد میں شروع ہوگا۔ جس میں کچھ جونیئرز کو بھی مدعو کیا جائے گا۔ کیمپ کے آغاز سے قبل پلیئرز ڈیلی الائونس کا تنازع شدت اختیار کرگیا ہے۔ کھلاڑیوں نے الائونس میں کٹوتی پر شدید بر ہمی کا اظہار کیا ہے، خدشہ ہے کہ ناراض سینئر کھلاڑی فروری میں آسٹریلیا میں پرو لیگ ہاکی میں شرکت سے معذوری ظاہر کرسکتے ہیں۔ ارجنٹائن جانے والے پلیئرز کو 30 ہزار کے بجائے صرف 11 ہزار کے حساب سے ڈیلی الاؤنس دیا گیا ۔ ٹیم کو مارچ میں مصر میں ورلڈکپ کوالیفائی رائونڈ کھیلنےبھی جانا ہے۔ پی ایچ ایف نے غیر ملکی دوروں پر 30 ہزار ڈیلی الاؤنس مقرر کیا ہے۔ لیکن پرو لیگ کے اخراجات پاکستان اسپورٹس بورڈ اٹھا رہا ہے، جس کی پالیسی کے مطابق کھلاڑی کو غیر ملکی دورے پر 40 ڈالر، یعنی تقریباً سوا 11 ہزار روپے یومیہ دیا جا رہا ہے۔ پی ایس بی نے پی ایچ ایف کو اسی حساب سے فی پلیئر ایک لاکھ 68 ہزار 950 روپے ادا کیے ہیں۔ کھلاڑیوں کا کہنا ہے کہ انہیں 4 لاکھ 49 ہزار 648 روپے ملنے چاہئیں۔ پی ایس بی کا کہنا ہے کہ ہاکی فیڈریشن کھلاڑیوں کو اگر 30 ہزار یومیہ دیتی ہے تو وہ ادا کریں پی ایس بی نے انہیں نہیں روکا۔