کنٹریکٹ سینئرز کی مشاورت سے بنے، اکثر نے دستخط کردیے، پی سی بی

August 12, 2022

کراچی (عبدالماجدبھٹی/ اسٹاف رپورٹر) پاکستان کرکٹ بورڈ کا کہنا ہے پاکستان کے33 میں سے وائٹ بال ٹیم اور لاہور میں رہنے والے زیادہ تر کھلاڑیوں نے سینٹرل کنٹریکٹ پر دستخط کردیئے ہیں۔ لاہور میں مقیم جن کھلاڑیوں نے دستخط نہیں کئے ہیں وہ نیدر لینڈ روانگی سے قبل نئے معاہدوں پر دستخط کر دیں گے۔ اس سلسلے میں کوئی ابہام نہیں ہے ، معاہدے سینئر کھلاڑیوں سے مشاورت سے بنائے ہیں۔ اولین ترجیح قومی ڈیوٹی ہے۔ ریڈ بال ٹیم کے جو کھلاڑی لاہور میں نہیں ہیں انہیں ان کے پوسٹل ایڈریس پر سینٹرل کنٹریکٹ بھیجے گئے ہیں اور امید ہے کہ جلد دستخط کر دیں گے۔ جمعرات کو ترجمان نے کہا کہ امارات لیگ کی این او سی کے لئے سینٹرل کنٹریکٹ والے دو پاکستانی کھلاڑیوں نے پی سی بی سے رابطہ کیا ہے اگر ہیڈ کوچ ثقلین مشتاق اور چیف سلیکٹر محمد وسیم کو ئی اعتراض نہیں ہے تو ان کھلاڑیوں کو این او سی دے دیا جائے گا اس وقت ان کی درخواست پر غور ہورہا ہے۔ جبکہ بگ بیش کے لئے بھی جس کھلاڑی کا کیس آئے گا اس پر کیس ٹو کیس غورکیا جائے گا۔ ترجمان کا کہنا ہے کہ ہم نے میڈیا کے ذریعے کو خبریں پڑھی ہیں اس کے مطابق کسی کھلاڑی کا نام جنوبی افریقا لیگ میں شامل نہیں ہے۔ این او سی کے لئے بورڈ کی پالیسی 2020 میں بورڈ آف گورنرز نے منظور کی تھی جس کے تحت ایک سال میں کوئی بھی کھلاڑی پی ایس ایل کے علاوہ تین لیگزکھیل سکتا ہے ۔ دسمبر میں انگلینڈ نے پاکستان آکر ٹیسٹ سیریز کھیلنا ہے۔ جنوری میں نیوزی لینڈ کی ٹیسٹ اور ون ڈے سیریز ہوگی اس کے بعد ویسٹ انڈیز نے ٹی ٹوئنٹی انٹر نیشنل کھیلنے پاکستان آنا ہے۔ 15فروری سے پی ایس ایل شروع ہوگی اسی دوران قومی سیزن بھی جاری ہوگا اس لئے کسی بھی کھلاڑی کو غیر ملکی لیگز کے لئے این اوسی جاری کرنے سے قبل ان کے ہیڈ کوچ اور چیف سلیکٹر کی اجازت ضروری قرار دے دی گئی ہے۔