ضلع بھر میں ڈینگی بے قابو‘ انتظامیہ کی ’’سب اچھا‘‘ کی رپورٹیں

August 12, 2022

راولپنڈی (راحت منیر/اپنے رپورٹر سے) ضلعی انتظامیہ کی کوششیں رنگ لانے لگیں؟ ڈینگی بے قابو ہونا شروع ہو گیا۔ اینٹی ڈینگی اجلاس کر کے محض کاغذوں کا پیٹ بھر کر سب اچھا کی رپورٹوں نے دن بدن بڑھتے مریضوں کی تعداد کو بے نقاب کردیا۔ راولپنڈی کا سب سے متاثرہ علاقہ چک جلال دین ہے جہاں کوئی محکمہ کام کرنے کو تیار نہیں۔ حکومتوں کی تبدیلیوں کے باعث بیورو کریسی بھی ٹرخانے والی پالیسی پر عمل پیرا ہے جس کے باعث ڈینگی بڑھتا جا رہا ہے۔ چک جلال دین میں 6اگست کو ڈپٹی سپیکر پنجاب اسمبلی واثق قیوم نے انسداد ڈینگی کے سلسلے میں بند نالے کھولنے کی ہدایت کی تھی لیکن تاحال نالے کھولے جا سکے۔ ڈپٹی کمشنر راولپنڈی نے بھی راولپنڈی ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کو ہدایت کی تھی لیکن نالے نہیں کھلے۔ دوسری طرف آر ڈبلیو ایم سی ہر جمعرات کو کمشنر کی ہدایت پر اینٹی ڈینگی ڈے منا رہی ہے۔ کمشنر راولپنڈی ڈویژن جو حمزہ شہباز حکومت کے دوران مری پر خصوصی توجہ کر رہے تھے تاحال مری سے باہر نہیں نکل سکے۔ بیورو کریسی بالخصوص ڈویژنل و ڈسٹرکٹ انتظامیہ روزانہ مختلف جگہوں کے فوٹو سیشن ڈیش بورڈ پر اپ لوڈ کر کے چین کی نیند سو جاتی ہے جبکہ مچھر عوام کو سونے نہیں دیتے۔ جمعرات کو ڈسٹرکٹ انسداد ڈینگی کمیٹی اجلاس کی صدارت ڈی سی کی بجائے ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ہیڈکوارٹر مرضیہ سلیم نے کی۔ شہریوں نے وزیراعلیٰ پنجاب اور وزیر صحت سے راولپنڈی میں ڈینگی بے قابو ہونے سے بچانے کیلئے عملی اقدامات کرنے کا مطالبہ کیاہے۔