ہیلتھ کیئر کمیشن کی بیوٹی پالرز کوغیر قانونی خدمات فراہم نہ کرنے کی ہدایات

August 12, 2022

پشاور (خصوصی نامہ نگار) چیف ایگزیکٹو آفیسر خیبر پختونخوا ہیلتھ کیئر کمیشن کی خصوصی ہدایات پر خیبر پختونخواہ ہیلتھ کیئر کمیشن کی انسپکشن ٹیموں نے پشاور کے مختلف بیوٹی پارلرز کا دورہ کیااور بیوٹی پالرز کے مالکان وانتظامیہ کو کسی بھی قسم کی غیر قانونی میڈیکل سروسز مہیا نہ کرنے کی ہدایات جاری کیں۔ بیوٹی پالرز مالکان اور انتظامیہ نے یقین دہانی کروائی کہ ہیلتھ کیئر کمیشن کی ہدایات پر عمل کرتے ہوئے کسی بھی قسم کی غیر قانونی میڈیکل سروسز مہیا نہیں کریں گے۔ سی ای او ہیلتھ کیئر کمیشن ڈاکٹر ندیم اختر نے اس عزم کا اظہار کیاہے کہ صوبے بھر میں صحت کی سہولیات فراہم کرنے والے مراکز کو عوام کو صحت کے بنیادی اصولوں کے مطابق علاج معالجے کی سہولیات فراہم کرنے کا پابند کیا جائے گا قوانین اور معیارات کی خلاف ورزی پرقانونی کارروائی کی جائے گی۔