پشاور (خصوصی نامہ نگار) عمران خان کرکٹ اسٹیڈیم پشاور میں پریذیڈنٹ ٹرافی کے افتتاحی میچ کے موقع پر ڈائریکٹر جنرل محکمہ کھیل خیبر پختونخوا اشفاق خان نے اسٹیڈیم کا دورہ کیا اور میچ کا جائزہ لیا۔ پر ڈی جی سپورٹس اشفاق خان نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ صوبے کے کئی کھلاڑی قومی ٹیم کا حصہ بن کر نہ صرف اپنی صلاحیتوں کا بھرپور اظہار کرچکے ہیں بلکہ بین الاقوامی سطح پر پاکستان کا نام بھی روشن کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ خیبر پختونخوا کی سرزمین نے ہمیشہ باصلاحیت کرکٹرز پیدا کیے ہیں۔ وجاہت اللہ واسطی، ارشد خان، ریاض آفریدی، کبیر خان، شاہین شاہ آفریدی، افتخار احمد، فخر زمان سمیت متعدد کھلاڑیوں نے قومی اور بین الاقوامی کرکٹ میں اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوایا ہے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ مستقبل میں بھی صوبے کے مختلف اضلاع سے مزید باصلاحیت کھلاڑی سامنے آئیں گے۔ اشفاق خان کا کہنا تھا کہ نوجوانوں میں بے پناہ صلاحیتیں موجود ہیں، تاہم ان صلاحیتوں کو نکھارنے کے لیے انہیں بہترین کوچنگ، تربیت، کھیل کے مناسب مواقع اور جدید کھیلوں کی سہولیات فراہم کرنا ضروری ہے۔ محکمہ کھیل خیبر پختونخوا نوجوان کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی اور کھیلوں کے فروغ کے لیے اپنا کردار جاری رکھے گا۔