• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پشاور، سمگلر گرفتار، 77 کلاشنکوف، 63 رائفل، 21 پستول اور 50 ہزار کارتوس برآمد

 پشاور (کرائم رپورٹر) پشاور کے علاقے کوہاٹ روڈ پر اسلحہ کی بھاری کیپ سمگل کرنے کی کوشش ناکام بنادی گئی ہے ،پکڑے جانے والے اسلحہ سے متعلق خدشہ ظاہرکیاجارہے کہ اسے مبینہ طور پر تخریب کاری یا دیگرجرائم میں استعمال ہوسکتا تھا ، پولیس نے سمگلر کو گرفتار کرلیا جبکہ پورے نیٹ ورک کوبے نقاب کرنے کیلئے تحقیقاتی ٹیم بھی تشکیل دیدی گئی ہے ۔پولیس کے مطابق رات گئے تھانہ متنی کی حدود کوہاٹ روڑ سرہ خاورہ کے مقام پر تیز رفتاری کے شبہ میں ایک پک اپ ڈاٹسن گاڑی کو رکنے کا اشارہ کیاگیاتاہم ڈرائیور نے گاڑی روکنے کی بجائے رفتار بڑھا دی اور فرار ہونے کی کوشش کی۔پولیس نے فوری تعاقب کرتے ہوئے گاڑی کو روک لیا اور تلاشی کے دوران گاڑی سے 77 کلاشنکوف ، 63 مختلف بور کے رائفل ، 21 پستول ، 80 میگزین اور 50 ہزار مختلف بور کے کارتوس بھی برآمد کرکے مبینہ سمگلر کو گرفتار کرلیا۔مذکورہ اسلحہ کی لاگت 2کروڑ سے ڈھائی کروڑروپے بتائی جاتی ہے۔ ایس پی صدر فدا حسین کے مطابق ابتدائی تفتیش سے معلوم ہوا ہے کہ مذکورہ اسلحہ کوہاٹ سے پشاور منتقل کیا جا رہا تھااور خدشہ ہے کہ یہ غیر قانونی اسلحہ تخریبی کارروائیوں، دہشت گردی یادیگر سنگین نوعیت کے جرائم میں استعمال کیا جا سکتا تھا۔انہوں نے بتایاکہ گرفتار ملزم سراج حسن سکنہ سواتی پھاٹک سے تفتیش شروع کردی گئی جبکہ بھاری اسلحہ اسمگلنگ کے پورے نیٹ ورک اور اس کے ممکنہ سہولت کاروں تک پہنچنے کےلئے تحقیقات کو مزید آگے بڑھایا جا رہا ہے۔
پشاور سے مزید