جوہری مذاکرات ختم‘ یورپی یونین کا مسودے پر غور

August 13, 2022

ویانا ( نیوز ڈیسک) آسٹریا کے دارالحکومت ویانا میں ایران اور یورپی ممالک کے درمیان جوہری مذاکرات ختم ہوگئے اور یورپی یونین نے حتمی مسودے پر غور شروع کردیا ہے۔ خبررساں اداروں کے مطابق ایرانی حکام کا کہنا ہے کہ 2015 ء کے جوہری معاہدے کو بحال کرنے کے لیے ہونے والے مذاکرات میں وہ یورپی یونین کے سفارت کاروں کی جانب سے پیش کردہ دستاویز کا جائزہ لے رہے ہیں۔ایران، برطانیہ، چین، فرانس، جرمنی، روس اور امریکا کے درمیان 2015 ء میں جے سی پی او اے کے نام سے معروف ایران جوہری معاہدہ ہوا تھا۔ اس معاہدے میں ایران کے اپنے جوہری پروگرام کو محدود کرنے کے عوض اس کے خلاف عائد پابندیوں میں نرمی دی گئی تھی۔ لیکن 2018 ء میں واشنگٹن نے خود کو اس سے یک طرفہ طور پر الگ کرلیا تھا۔ جوہری معاہدے کو بحال کرنے کے لیے کئی ماہ سے ویانا میں بات چیت ہو رہی تھی۔4روز تک جاری رہنے والے مذاکراتی دور کے بعد ایران اور دیگر ممالک ممالک کے نمائندے لوٹ گئے ہیں۔