یونیورسٹیوں کو مالی بحران کا شکار کرنا تعلیم دشمن اقدام‘ این ڈی ایم

August 13, 2022

کوئٹہ(آن لائن)نیشنل ڈیموکریٹک موومنٹ کے بیان میں صوبے کی یونیورسٹیوں کے مالی بحران اور پروفیسرز، افسران اور دیگر ملازمین کو دو ماہ سے تنخواہوں کی عدم ادائیگی کے تعلیم دشمن عمل کی مذمت کرتے ہوئے اسے ریاست اور حکومت کی تعلیم دشمنی کا نتیجہ قرار دیا ہے ۔بیان میں کہا گیا کہ ملک بالخصوص محکوم اقوام وعوام پر ناخواندگی کے اندھیرے مسلط ہیں ،صوبے میں چند یونیورسٹیاں ہیں جن کے ڈاکٹرز، پروفیسرز،سکالرز اور ملازمین تنخواہوں سے محروم ہیں اور ایسی صورتحال میں ان علمی اداروں میں علمی تحقیق اور درس و تدریس کیسے ممکن ہے۔بیان میں کہا گیا کہ یونیورسٹیوں کو مالی بحران اور موجودہ تشویشناک صورتحال سے دوچار کرنا حکمرانوں کا دانستہ عمل ہے۔بیان میں کہا گیا کہ کھربوں روپے سالانہ بجٹ اور وسائل میں ہماری یونیورسٹیوں کیلئے تنخواہوں کی رقم نہیںجبکہ ملکی اشرافیہ اور بیوروکریسی کی مراعات پر عوامی خزانے سے سالانہ کھربوں روپے خرچ ہورہے ہیں ۔بیان میں کہا گیا کہ صوبے میں عوام پر مسلط اذیت ناک صورتحال اور تعلیم دشمنی کے اقدامات سے نجات کیلئے اولین ضرورت ہے کہ جمہوری و ترقی پسند سیاسی پارٹیاں موثر جمہوری مزاحمتی تحریک شروع کریںجو موجودہ حالات اور وقت کا تقاضا بھی ہے۔