واسا افسران کی نااہلی سے آدھا شہر سیوریج کے پانی میں ڈوب گیا

August 13, 2022

ملتان(سٹاف رپورٹر) واسا افسران کی نااہلی او رغفلت کے باعث ملتان کا 50فیصد حصہ سیوریج کے گندے پانی میں ڈوب گیا، راحت آباد گلی نمبر 12یونین کونسل 45،محلہ حیدر پورہ، محلہ سمیجہ آباد‘ پیراں غائب روڈ‘حسنین ٹاؤن‘ نیوملتان‘واپڈا ٹاؤن‘چالیس فٹی روڈاور شہر کے دیگر علاقوں میں میں سیوریج کا پانی گھروں میں داخل ہوگیا ہے، تعفن اور گندگی کی وجہ سے وبائی امراض کے پھیلنے کا اندیشہ پیدا ہوگیا ہے، ڈائریکٹر ورکس شہزاد منیر نے ایم ڈی واسا قیصر رضا کو فیل کرنے کیلئے فیلڈ سٹاف کو کام کرنے سے منع کردیا ہے اور سیوریج کے پانی میں پھنسے شہریوں کی شکایات کا ازالہ کرنے سے انکار کردیا ہے۔ بتایا گیا ہے کہ واساءافسروں کی نااہلی کے باعث ملتان شہر گندے پانی میں ڈوب گیا‘گلیاں‘محلے اور مین سڑکیں تالاب بن گئیں‘عوامی احتجاج اور بارہا شکایات کے باجود کوئی شنوائی نہ ہوئی‘جس پر اہلیان ملتان نے وزیر اعلیٰ پرویز الہی ودیگر حکام سے صورتحال کانوٹس لینے اور نااہل افسروں کےخلاف کارروائی کامطالبہ کیا ہے۔اس سلسلہ میں متاثرین صحافی فداحسین‘ حاجی اللہ دتہ‘فیضان علی‘ ارشان علی‘محمد اکرم ککھ ‘اللہ یار بلوچ‘ محمد رمضان لاڑ سیمت دیگر نے بتایا کہ اب تو پانی گھروں میں جمع ہوگیا‘تین ماہ سے زائد عرصہ سے سیوریج کی بندش کے باعث تعفین پھیلنے سے خارش ودیگر وبائی امرا پھوٹ پڑی ہیں‘ جس نے بچوں‘ بزرگوں کی زندگی اجیرن کردی ہے۔متاثرین نے وزیراعلیٰ پرویز الہی ودیگر اعلیٰ افسروں سے مطالبہ کیا ہے کہ صورتحال کافوری نوٹس لیں۔