ملتان(سٹاف رپورٹر) پیما سکولزکے ہزاروں اساتذہ تین ماہ سے تنخواہوں سے محروم، عید سے قبل ادائیگی نہ ہونے پر احتجاج کا فیصلہ،تفصیل کے مطابق پنجاب ایجوکیشن فاؤنڈیشن کے پروگرام پیمااسکولز سے وابستہ ہزاروں اساتذہ گزشتہ تین ماہ سے تنخواہوں سے محروم ہیں جس کے باعث تعلیمی اداروں میں شدید بے چینی پائی جا رہی ہے اور بڑی تعداد میں اساتذہ کے ملازمت چھوڑنے کا خدشہ پیدا ہو گیا ہے، ذرائع کے مطابق پیماپروگرام کے تحت چلنے والے تقریباً 4,300 لائسنس یافتہ اسکولوں کو جنوری، فروری اور مارچ کی ادائیگیاں تاحال نہیں کی جا سکیں، جس کے نتیجے میں اسکول مالکان اور اساتذہ دونوں شدید مالی بحران کا شکار ہیں، تعلیمی حلقوں کے مطابق پیمااسکولوں میں تقریباً 6 لاکھ طلبہ زیر تعلیم ہیں اور اگر اساتذہ کی تنخواہوں کا مسئلہ جلد حل نہ ہوا تو اس کا براہ راست اثر بچوں کی تعلیم پر بھی پڑ سکتا ہے، نیزمتعدد سکولوں میں اساتذہ کی کمی کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے، کیونکہ کئی اساتذہ مالی مشکلات کے باعث متبادل روزگار تلاش کرنے پر مجبور ہو رہے ہیں،متاثرہ اساتذہ نے خبردار کیا ہے کہ اگر عید سے قبل تین ماہ کی بقایا تنخواہیں ادا نہ کی گئیں تو وہ احتجاجی مظاہرے کرنے پر مجبور ہوں گے۔