سلمان خان پڑوسی کے خلاف ممبئی ہائیکورٹ پہنچ گئے

August 13, 2022

تصویر بشکریہ انسٹاگرام

بھارتی دبنگ ہیرو، سلمان خان عرف سلو بھائی کی جانب سے نفرت انگیز پوسٹنگ پر اپنے پڑوسی کے خلاف مقدمہ درج کروایا گیا ہے۔

بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق گزشتہ روز سلمان خان نے ممبئی ہائیکورٹ کو سماعت کے دوران بتایا کہ میرے پنول فارم ہاؤس کے پڑوسی کیتن ککڑ کی جانب سے سوشل میڈیا پر مجھ سے متعلق اپلوڈ کی گئی ویڈیوز ناصرف نفرت انگیز تھیں بلکہ اِن میں فرقہ وارانہ طور پر اشتعال انگیز مواد بھی موجود تھا۔

سلمان خان کی جانب سے پڑوسی ککڑ کے خلاف سوشل میڈیا پر نفرت انگیز ویڈیوز اور فرقہ واریت پر اکسانے کے الزام میں یہ مقدمہ دائر کیا گیا تھا۔

اس سے قبل سلمان خان نے اس مقدمے کی درخواست ایک مقامی عدالت میں دی تھی جس میں اُن کا کہنا تھا کہ میرے پڑوسی کیتن ککڑ کو نفرت انگیز پوسٹنگ اور نفرت آمیز تبصروں سے روکا جائے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق جب ممبئی کی سول کورٹ نے ایسا کوئی حکم دینے سے انکار کیا تو سلمان خان نے ممبئی ہائیکورٹ سے رجوع کیا تھا جس کی گزشتہ روز سماعت ہوئی تھی۔