آئر لینڈ: بعض حصوں میں درجہ حرارت 30 درجہ سینٹی گریڈ تک جانے کی وارننگ

August 14, 2022

لندن (پی اے) پورے برطانیہ میں شدید گرمی رہنے کی پیشگوئی جبکہ آئرلینڈ کے بعض حصوں میں درجہ حرارت30درجہ سینٹی گریڈ تک جانے کی وارننگ جاری کردی گئی ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق آئرلینڈ میں گرج چمک اور طوفان آنے کا بھی امکان ہے۔ محکمہ موسمیات نے پورے آئرلینڈ کیلئے گرمی کی یلو وارننگ جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ صورت حال پیر کو صبح 6 بجے تک برقرار رہے گی۔ محکمہ موسمیات کے ماہر موسمیات Eireann کا کہنا ہے کہ ہفتہ اور اتوار کو شدید گرمی رہنے اور درجہ حرارت 27 سے 30 درجہ تک رہنے کا امکان ہے۔ تاہم ساحلی علاقوں، خاص طورپر ملک کے شمال مغربی علاقوں میں سمندری ہوائوں کی وجہ سے گرمی کا زور کم رہنے کی توقع ہے۔ رات بھی گرم رہے گی اور درجہ حرارت 15 درجہ سینٹی گریڈ تک رہے گا۔ محکمہ زراعت نے آرنج فاریسٹ آتشزدگی کے خدشے کا بھی امکان ظاہر کیا ہے، یہ صورت حال منگل کی دوپہر تک برقرار رہنے کی توقع ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق اس موسم گرما کے دوران آئرلینڈ اور برطانیہ میں شدید گرمی پورے یورپ میں چلنےوالی ہیٹ ویو کا نتیجہ ہے جبکہ مغربی، وسطی اور جنوبی یورپ میں اگلے 2 ماہ کے دوران بارشیں ہونے کا امکان کم ہے، جس کی وجہ سے پورے براعظم یورپ میں خشک سالی اور جنگلوں میں آگ لگنے کے واقعات رونما ہونے کے خدشات ہیں۔ آئرلینڈ میں 3 روز گرمی رہنے کی اس وارننگ کے بعد پہلے دن اگست کے دوران سب سے زیادہ گرمی رہی اور محکمہ موسمیات کے کارلو اسٹیشن پر 31.7 درجہ سینٹی گریڈ گرمی ریکارڈ کی گئی۔ جولائی میں بھی آئرلینڈ میں گزشتہ ایک صدی میں سب سے زیادہ گرمی ڈبلن میں 33 درجہ سینٹی گریڈ ریکارڈ کی گئی تھی۔ عبوری چیف میڈیکل افسر پروفیسر بریڈا اسمتھ نے لوگوں کو ہدایت کی ہے کہ وہ گھروں سے باہر گرمی کا لطف اٹھانے کیلئے نکلتے ہوئے خصوصی احتیاط برتیں، خاص طورپر صبح 11بجے سے شام 3 بجے تک گرمی بہت زیادہ رہے گی، اس دوران لوگ پانی کااستعمال زیادہ کریں اور سن اسکرین کا باقاعدگی سے استعمال کریں، گرمی کی شدت کا ممکنہ اثر گرمی کی وجہ سے پڑنے والے دبائو کا ہوگا۔ آئرش واٹر نے بتایا ہے کہ پورے ملک میں 750 واٹر سپلائز میں سے37 میں نلوں میں پانی جاری رکھنے کو یقینی بنایا گیا ہے اور بعض مقامات پر رات کے وقت صارفین کیلئے کچھ پابندیاں کی جائیں گی۔ محکمہ موسمیات کا کہناہے کہ اگرچہ بعض مقامات پر خشکی رہے گی اور وہاں گرج چمک کا اثر نہیں ہوگا جبکہ بعض علاقوں میں اتوار کی رات کو گرج چمک کی وجہ سے معمولات زندگی متاثر ہوسکتے ہیں۔