پاکستان کی مضبوطی اوراتحاد اس کانظریہ ہے،اسلامی جمعیت طلباء

August 14, 2022

لاہور( پ ر) ناظم اعلیٰ اسلامی جمعیت طلبہ پاکستان شکیل احمد نے یوم آزادی کے موقع پر قوم کو مبارکباد دیتے ہوئے اپنے پیغام میں کہا ہے کہ آج کا دن خوشی اور امید کا دن ہے اس کے ساتھ اس عہد کی تجدید کا دن بھی ہے کہ پاکستان کو اس کے نظریہ کے عین مطابق اسلامی اور خوشحال پاکستان بنانا ہے اور اس وژن پر عملدرآمد ہمارے اپنے ہاتھوں میں ہے۔ پاکستان کی مضبوطی اور اتحاد کی بنیاد اس کا نظریہ ہے، وطن عزیز کی جدوجہد آزادی کی راہ میں بہایا جانے والا قیمتی خون ہر 14 اگست کو یاد دلاتا ہے کہ اس نظریے کی خاطر اپنوں نے جانیں قربان کیں۔پاکستان کی بقاء ، سلامتی اور خوشحالی کا ضامن صرف اسلام ہے، ہمیں وہ عہد و پیماں پورے کرنے کے لیے نئے عزم کے ساتھ اٹھنا ہوگا جو قیام پاکستان کے وقت ہم نے اپنے رب سے کیے تھے۔جب تک قوم اپنے اس عہد کو پورا نہیں کرتی ملک نہ ترقی و خوشحالی کی منزل کو حاصل کر سکتا ہے نہ ہی قومی وقار اور ملکی خودمختاری کی بحالی اور حقیقی آزادی کا خواب شرمندہ تعبیر ہو سکتا ہے کشمیر پاکستان کا نامکمل ایجنڈا ہے ہم مشکل کی اس گھڑی میں ان کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں شکیل احمد نے کہا کہ ایمان ،اتحاد اور یقین پاکستان کی ترقی کا استعارہ ہیں۔تحریک پاکستان ،تعمیر پاکستان تک جاری رہے گی ۔