اقوام متحدہ نے بھی چینی موقف کی حمایت کردی

August 15, 2022

نیویارک ( نیوز ڈیسک) روس اور متحدہ عرب امارات کے بعد اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل نے بھی امریکی ایوان نمائندگان کی اسپیکر نینسی پیلوسی کے دورہ تائیوان سے متعلق بیجنگ کے تحفظات پر چین کے موقف کی حمایت کر دی۔ انہوں نے ایک چین کے اصول پر قائم رہنے اور چین کے موقف کی بھرپور حمایت کا اعادہ کیا ۔ گوتیریس کا کہنا ہے کہ ہمارا موقف بالکل واضح ہے ہم اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کی متعلقہ قراردادوں اور ایک چین کے اصول کی پاسداری کرتے ہیں ہم جو کچھ بھی کرتے ہیں اسی اصول کی رہنمائی میں کرتے ہیں۔ ادھر آسیان کے موجودہ چیئرمین ملک کمبوڈیا نے بھی چینی موقف کی حمایت کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ آسیان کے رکن ممالک ایک چین کے اصول کی حمایت کرتے ہیں اور اقوام متحدہ کے چارٹر اور جنوب مشرقی ایشیا کے دوستانہ تعاون کے معاہدے کو برقرار رکھنے پر زور دیتے ہیں۔ اس کے علاوہ سری لنکا کے صدر نے چینی سفیر سے ملاقات کر کے چینی پالیسی اور موقف کی حمایت کی ۔ روسی وزارت خارجہ کا کہنا ہے کہ امریکی پارلیمانی اسپیکر نینسی پلوسی کا دورہ تائیوان واضح اشتعال انگیزی ہے اور چین کو اپنی علاقائی خود مختاری کے تحفظ کے لیے اقدامات کا مکمل حق حاصل ہے۔دوسری جانب شمالی کوریا نے کہا ہے کہ امریکی ایوان نمایندگان کی اسپیکر نے تائیوان جاکر عالمی امن کو عدم استحکام سے دوچار کردیا۔ پیانگ یانگ کے ترجمان نے اپنے بیان میں نینسی پلوسی پر شمالی کوریا مخالف جذبات بھڑکانے اور چین کو مشتعل کرنے کے الزامات بھی لگائے۔