یونیورسٹیوں کو یقین ہے کہ طلبہ گریڈ حاصل کریں گے،UCAS

August 16, 2022

لندن (پی اے) UCAS کا کہنا ہے کہ یونیورسٹیوں کو یقین ہے کہ طلبہ گریڈ حاصل کریں گے۔ یوکاس کا کہناہے کہ یہ سال سخت مقابلے کا سال ثابت ہوگا۔ اے لیول کے نتائج کا اعلان ہونے میں اب صرف6دن رہ گئے ہیں لیکن بہت سی یونیورسٹیوں کا نصاب اور تقرریوں کا معاملہ اب بھی کلیئرنس کے مراحل میں ہے اور برطانیہ کی بعض یونیورسٹیوں کے پاس طلبہ کیلئے پیش کرنے کیلئے بہت کم کورس ہیں جبکہ بعض کے پاس کوئی کورس نہیں ہے۔ برطانیہ کی 130اعلیٰ ترین یونیورسٹیوں کے 23,000ہزار کورس اور اسامیاں کلیئرنس کیلئے یوکاس کی ویب سائٹ پر زیر التوا ہیں، بعض یونیورسٹیوں میں طلبہ کیلئے صرف چند کورس دستیاب ہیں جبکہ بعض یونیورسٹیوں کے پاس کوئی کورس دستیاب نہیں ہے۔ گلاسگو اور لیڈز یونیورسٹیوں کے پاس صرف 4 اور سینٹ جارج یونیورسٹی لندن کے پاس ایک کورس دستیاب ہے جبکہ برسٹل یونیورسٹی کا کہنا ہے کہ اس کے پاس کلیئرنگ کیلئے کوئی اسامی نہیں ہے۔ امپیریل کالج کا کہنا ہے کہ وہ اس سال کلیئرنگ کے ذریعے کوئی تقرری نہیں کررہا ہے۔ یوسی ایل کا کہنا ہے کہ کلیئرنگ کی اسامیوں کو رزلٹ والے دن صبح 8بجے اعلان کردیا جائے گا۔ سینٹ اینڈریو یونیورسٹی کا کہنا ہے کہ اس کے پاس یوکاس سے کلیئرنگ کے کورسز نہیں ہیں۔ رسل گروپ کی 24میں سے 17یونیورسٹیوں میں انگلینڈ کے رہائشیوں کیلئے اسامیاں موجود ہیں۔ گزشتہ سال کے اسی طرح کے تجزیئے کے مطابق رسل گروپ کی24 میں سے 15 میں انگلینڈ کے رہائشیوں کیلئے اسامیاں خالی تھیں۔ یوکاس کی چیف ایگزیکٹو افسر کلیئر مرچنٹ کا کہنا ہے کہ ایڈمیشن سروسز نے پیشگوئی کی ہے کہ اس سال 18 سال کے نوجوانوں کی ریکارڈ تعداد کو اپنی پہلی پسند کے مطابق موضوعات لینے کا موقع ملے گا۔ ان کا یہ بیان پروفیسر ایلن اسمتھر کے اس بیان کے بعد سامنے آیا ہے، جس میں انہوں نے پیشگوئی کی تھی کہ اس سال اعلیٰ ترین اے پلس اور اے گریڈ حاصل کرنے والے طلبہ کی تعداد گزشتہ سال کے مقابلے میں80,000 سے کم ہوگی جبکہ 40,000 طلبہ اپنی پسند کے موضوعات میں داخلہ حاصل نہیں کرسکیں گے۔ کلیئر مرچنٹکا کہنا ہے کہ شرح پیدائش کی وجہ سے اب 18 سال عمر کے نوجوانوں کی تعداد میں اضافہ ہو رہا ہے، جس کی وجہ سے اس سال پہلے کے مقابلے میں زیادہ تعداد میں نوجوان یونیورسٹیوں میں داخلے کیلئے درخواست دیں گے، بعض یونیورسٹیاں زیادہ تعداد میں درخواستوں سے بچنے کیلئے طلبہ کیلئے کورس پیش کرنے کے حوالے سے خاصا محتاط رویہ اختیار کر رہی ہیں، خاص طورپر میڈیسن اور دندان سازی کے کورس میں داخلوں کی شرح منجمد کردی گئی ہے۔ ان یونیورسٹیوں کو یقین ہے کہ ان کے طلبہ ان کی شرائط پوری کردیں گے۔ انھوں نے بتایا کہ اس وقت 26 یونیورسٹیاں کم وبیش 5,000 کورسز پیش کرنے کیلئے کلیئرنگ کے مراحل میں ہیں۔