جی ٹی روڈ پر ٹریفک خلاف ورزیاں اعلیٰ حکام کیلئے لمحہ فکریہ

August 16, 2022

اسلام آباد (ایوب ناصر/خصوصی نامہ نگار) پشاور کو راولپنڈی اور لاہور سے ملانے والی گرینڈ ٹرنک روڈ پر ٹریفک قوانین کی خلاف ورزیاں معمول بن کر رہ گئی ہیں۔ جی ٹی روڈ پر اکثر ڈرائیور ٹریفک قوانین کی بجائے اپنی اوقات کے مطابق سفر جاری رکھنے کو ترجیح دیتے ہیں۔ انسپکٹر جنرل نیشنل ہائی ویز اینڈ موٹر وے پولیس خالد محمود کی ہدایت پر موٹر وے پر تو افسران ڈرونز کے ذریعے ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی کرنے والوں کیخلاف قانونی کارروائیاں کر کے شاباش لینا ضروری سمجھتے ہیں مگر جی ٹی روڈ پر ایسی کارکردگی نہیں دکھائی جاتی ۔ وفاقی دارالحکومت کو موٹر وے ایم ٹو سے ملانے والی سری نگر ہائی وے کے اوپر نیشنل ہائی ویز اینڈ موٹروے پولیس کا ریجنل آفس موجود ہے‘ مگر چراغ تلے اندھیرا کے مصداق ڈرائیور ریجنل آفس کے باہر بھی گاڑیاں کھڑی کرتے ہیں۔ اسلام آباد سےلاہور کی جانب نکلتے ہی روات بازار میں ٹریفک کی سست روی جی ٹی روڈ پر ٹریفک پولیس کی معیاری خدمات کا اصل چہرہ دکھا دیتی ہے۔ لاہور پہنچنے تک ہائی وے پولیس کی موجودگی یا عدم موجودگی کوئی معنی نہیں رکھتی۔ ہر ڈرائیور جی ٹی روڈ پر انتہائی دائیں طرف گاڑی چلانا اپنا حق سمجھتا ہے مگر ٹرالر، ٹرک، آئل ٹینکرز اور مسافر بسیں کسی کیلئے راستہ چھوڑنے پر آمادہ ہی نہیں ہوتیں اور ان سے زیادہ رفتار والی گاڑیاں خطرناک انداز میں بائیں جانب سے ہی انہیں کراس کرنے میں عافیت سمجھتی ہیں۔ شہریوں کے مطابق حکام کو جی ٹی روڈ پر کمرشل گاڑیوں سمیت آئی جے پی اور اسلام آباد ایکسپریس وے پر کھلی خلاف ورزیوں کا نوٹس لینا ہوگا۔