آئمہ بیگ کی’خالص اردو‘ بولتے ہوئے دلچسپ ویڈیو وائرل

August 16, 2022

آئمہ بیگ، فائل فوٹو

پاکستان میوزک انڈسٹری کی معروف گلوکارہ آئمہ بیگ کی خالص اردو میں انٹرویو دینے کی کوشش کرتے ہوئے ایک دلچسپ ویڈیو وائرل ہوگئی ہے۔

سوشل میڈیا کے مختلف پیجز پر آئمہ بیگ کی ایک دلچسپ ویڈیو وائرل ہو رہی ہے، جس میں اُنہیں ایک صحافی کے کہنے پر خالص اردو میں انٹرویو دینے کی کوشش کرتے ہوئے دیکھا جاسکتا ہے۔

آئمہ بیگ کا انٹرویو لیتے ہوئے صحافی نے سوال کیا کہ آپ اپنے گانوں کے علاوہ عام گفتگو کے دوران ہمیشہ انگریزی ہی بولتی ہیں تو آپ کو اردو بولنی نہیں آتی یا آپ کا کوئی اور مسئلہ ہے؟

گلوکارہ نے اس سوال کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ ’نہیں میری اردو بہت خالص ہے‘۔

اتنی بات اردو میں کرنے کے بات آئمہ بیگ پھر سے انگریزی میں بات کرنے لگیں لیکن اُنہیں فوراََ ہی احساس ہوگیا کہ اُنہیں یہ انٹرویو اردو میں دینا ہے۔

اُنہوں نے مزید کہا کہ’بات صرف اتنی ہے کہ جب آپ عام زندگی میں لوگوں سے بات کر رہے ہوتے ہو تو‘۔

اتنی بات کرنے کے بعد آئمہ بیگ پھر سےانگریزی میں بات کرنے لگیں تو صحافی نے اُن کی بات کاٹتے ہوئے کہا کہ آپ نے اردو میں بات کرنی ہے۔

جس کے بعد گلوکارہ تھوڑا سا شرمندہ اور کنفیوز ہوگئیں اور پھر اردو میں انٹرویو دینے کی کوشش کرنے لگیں۔

آئمہ بیگ نے اردو میں کہا کہ’میرا مطلب ہے کہ آپ جس طرح کے لوگوں کے ساتھ اُٹھتے بیٹھتے ہیں اور وہ لوگ آپ سے جس طرح بات کرتے ہیں تو پھر آپ بھی اُنہیں اسی طرح جواب دیتے ہیں‘۔

اُنہوں نے مزید کہا کہ’انسان کی ویسی ہی عادت بن جاتی ہے جیسا کہ اس کے ارد گرد کا ماحول ہوتا ہے‘۔

آئمہ بیگ کے اس جواب پر صحافی نے ایک اور سوال پوچھا کہ’آپ نے ٹی وی پر اردو میں کافی پروگرامز کیے لیکن جب سے آپ میوزِ ک کے پروفیشن سے وابسطہ ہوئی ہیں آپ اردو بھولتی جارہی ہیں، مسئلہ کیا ہے؟‘

گلوکارہ نے اس سوال کے جواب میں کہا کہ’ایسی بات نہیں ہے، شروع سے ہی مجھے انگریزی آتی تھی‘۔

اس ویڈیو پر زیادہ تر سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے آئمہ بیگ کے قومی زبان صحیح نہ بولنے پر تنقید کی جارہی ہے۔

تاہم، کچھ سوشل میڈیا صارفین نے گلوکارہ کی حمایت کرتے ہوئے کہا کہ ’وہ اردو میں بات کریں یا انگریزی میں یہ ان کا ذاتی انتخاب ہے‘۔