سرجانی ٹاؤن، چوتھی منزل کی تعمیر، ناقص میٹریل کے باعث عمارت گری

August 17, 2022

کراچی (اسٹاف رپورٹر)سرجانی ٹاؤن میں گزشتہ شب گرنے والی عمارت کے ملبے تلے دب کر زخمی ہونے والا ایک مزدور دوران علاج چل بسا، واقعہ میں 10 مزدور زخمی ہوئے،تفصیلات کے مطابق سرجانی کے علاقے سیکٹر 4 ڈی میں پیر اور منگل کی درمیانی شب گرنے والی زیر تعمیر عمارت کے ملبے تلے دب کر زخمی ہونے والا ایک مزدور وریام دوران علاج زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے چل بسا جبکہ دیگر زخمیوں میں 30 سالہ ناصر،20 سالہ صغیر،24 سالہ راشد، 27 سال قیوم، 20 سالہ محمد سلیم ، 17 سالہ آکاش اور34 سالہ امیراور دیگر شامل ہیں ،پولیس کے مطابق عمارت گراؤنڈ پلس تین منزلہ تھی اور اس میں چوتھی منزل تعمیر کی جارہی تھی، عمارت کو ناقص میٹریل کے باعث کچھ دنوں قبل ہی خالی کروا لیا گیا تھا، علاقہ مکینوں کے مطابق چوتھے فلور کی تعمیر کے لیے لائے گئے مزدور مزکورہ عمارت میں ہی رہائش پزیر تھے، بلڈر واقعہ کے بعد سے غائب ہے، علاقہ مکینوں کا کہنا تھاکہ سرجانی کے علاقے میں درجنوں عمارتیں ایسی ہیں جن میں ناقص میٹریل استعمال کیا گیا ہے جن سے انسانی جانوں کو خطرات لاحق ہیں، پولیس کے مطابق واقعہ میں تا حال کوئی گرفتاری عمل میں نہیں آئی، پولیس نے واقعہ کا مقدمہ سرکار کی مدعیت میں عمارت کے مالک شعیب اسکے ساتھیوں شاہد،عبدالحمید ،ارشد اور ایک خاتون کے خلاف درج کر لیا ہے۔