بارشوں سے تباہی جاری، بلوچستان میں 2 لیویز افسران سمیت 12 افراد جاں بحق

August 17, 2022

کوئٹہ،فیصل آباد،جمرود،اٹھمقام،اسلام آباد (نمائندگان جنگ،نامہ نگاران، خبرایجنسیاں) راولپنڈی اسلام آباد سمیت سندھ ،پنجاب، بلوچستان ،خیبر پختونخوا ،کشمیر اور گلگت بلتستان میں گرج چمک کے ساتھ موسلا دھار بارش کا سلسلہ جاری ہے ، بلوچستان کے توبہ اچکزئی، موسی خیل اور وشوک کے علاقوں میں2 لیویز افسران سمیت مزید 12 افراد جاں بحق ہو گئے جبکہ متعدد افراد پہاڑی ندی نالوں میں بہہ گئے جو تاحال لاپتہ ہیں،KPکے ضلع جمرود میں 2افراد ، فیصل آباد میں چھت گرنے سے بچہ جاں بحق ، وادی نیلم کےرتی گلی نالہ میں شدید طغیانی 5 سیاح لاپتہ ہوگئے، محکمہ موسمیات کے مطابق آج سندھ،بلوچستان ، پنجاب، خیبرپختونخوا ،کشمیر اور گلگت بلتستان میں تیزہواؤں ، گرج چمک کیساتھ بارش کا امکان ہے، سیلابی ریلے سے باغات اور فصلیں تباہ جبکہ کئی مویشی بہہ گئے، انتظامیہ نے صورتحال خراب ہونے پر شہریوں کی فوری منتقلی شروع کردی،موسی خیل کے علاقے میں سیلاب ایک اور ڈیم بہا لے گیا، دو لیویز ا فسران وشوک سے اپنی گاڑی میں واپس آتے ہوئے سیلابی ریلے میں بہہ گئے، بعد میں ان کی لاشیں نکال لی گئیں،سبی اور ڈیرہ مراد جمالی کے درمیان مرکزی ٹریک سیلابی پانی میں بہہ جانے سے کوئٹہ اور ملک کے دیگر حصوں کے درمیان ٹرین سروس معطل ہے، موسی خیل کے ڈپٹی کمشنر نے بتایا کہ اندرپوس بند ٹوٹنے سے 12سے زائد افراد سیلابی پانی میں بہہ گئے، اب تک ریسکیو ٹیموں نے آٹھ لاشیں نکال لی ہیں، راشام کے علاقے میں گھر کی چھت گرنے سے دو بچے جاں بحق ہو گئے۔