میرٹ پر امیدواروں کی تقرری کے آرڈر جاری کیے جائیں، ہرنائی بچاؤ تحریک

August 17, 2022

کوئٹہ(اسٹاف رپورٹر)ہرنائی بچاؤ تحریک کے چیئرمین محمد اکبر خان نے کہا ہے کہ محکمہ صحت کی خالی اسامیوں پر میرٹ کی بنیاد پر امیدواروں کی تقرری کے آرڈر جاری کیے جائیں بصورت دیگر احتجاج کے ساتھ عدالت سے بھی رجوع کریں گے۔ یہ بات انہوں نے منگل کو پریس کانفرنس میں کہی۔ انہوں نے کہا کہ ہرنائی بلوچستان کا ہی نہیں بلکہ پاکستان کا بھی قدرتی وسائل سے مالا مال ضلع ہے لیکن بدقسمتی سے سب سے پسماندہ ضلع بھی ہے ہرنائی کی آبادی 2 لاکھ 40 ہزار سے زیادہ ہے لیکن دوسری جانب اتنی بڑی آبادی کے لئے محکمہ صحت کی صرف 70 کے قریب ملازمتیں ہیں، انہوں نے کہا کہ گزشتہ 20 سے 25 سال سے نئے ملازمین بھرتی نہیں کیے گئے ہیں دو سال قبل مشتہر ہونے والی اسامیاں دوبار منسوخ کی گئیں اور اب نو ماہ قبل ہونے والے ٹیسٹ انٹرویو کے مراحل مکمل ہونے کے باوجود کامیاب امیدواروں کی تقرری کے آرڈرز جاری نہیں کیے جارہے ہیں، انہوں نے حکومت خصوصاً محکمہ صحت سے مطالبہ کیا کہ فوری طور پر میرٹ کو مدنظر رکھتے ہوئے کامیاب امیدواروں کی تقرری کے آرڈر جاری کیے جائیں۔ انہوں نے کہا کہ ہرنائی بچاؤ تحریک پریس کانفرنس کے توسط سے یہ بھی واضح کرنا چاہتی ہے کہ غریب امیدواروں سے لاکھوں روپے ہڑپ کرنے والا مافیا اب مزید رکاوٹ نہ بنے اگر تقرری کے آرڈر دو ہفتوں میں جاری نہ کیے گئے تو مبینہ مافیا کی کرپشن کے ثبوت کے ہمراہ عدالت جائیں گے اور بلوچستان اسمبلی کے سامنے احتجاجی مظاہرہ بھی کریں گے ۔