کوئٹہ(خ ن) محکمہ اطلاعات حکومت بلوچستان کے زیر اہتمام ہاکرز میں مالی معاونت کے چیکس تقسیم کرنے کی ایک پروقار تقریب منعقد ہوئی اس تقریب کا مقصد ہاکرز کی معاشی مشکلات میں کمی لانا اور ان کی حوصلہ افزائی کرنا تھا تقریب کے مہمانِ خصوصی سیکرٹری اطلاعات عمران خان تھے ڈائریکٹر جنرل پبلک ریلیشنز بلوچستان نور محمد کھیتران، ڈائریکٹر سعید احمد شاہوانی، ہاکر ایسوسی ایشن کے صدر، جنرل سیکرٹری میر احمد بلوچ اور دیگر عہدیداران کے علاوہ ڈی جی پی آر کے افسران اور عملے نے شرکت کی اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے صوبائی سیکرٹری اطلاعات عمران خان نے کہا کہ حکومت ہاکرز کی فلاح و بہبود کو اپنی ترجیحات میں شامل کیے ہوئے ہے حکومت ہاکرز کو درپیش مسائل، بشمول روزگار کے مواقع، معاشی استحکام اور بنیادی سہولیات کی فراہمی کے لیے عملی اقدامات کر رہی ہے ڈی جی پی آر بلوچستان نور محمد کھیتران نے اپنے خطاب میں کہا کہ محکمہ اطلاعات ہاکرز کے مسائل کے حل کے لیے ان کے ساتھ مسلسل رابطے میں ہے اور مستقبل میں بھی ایسے فلاحی اقدامات کا سلسلہ جاری رکھا جائے گاہاکرز انتہائی نامساعد حالات میں بھی محنت،ایمانداری اور نیک نیتی سے اپنا کام سرانجام دے رہے ہیں جو معاشرے کے لیے ایک مثبت مثال ہے انہوں نے بتایا کہ آئندہ مرحلے میں ہاکرز میں موٹر سائیکلوں کی تقسیم کا پروگرام بھی تجویز کیا گیا ہے میر احمد بلوچ نے حکومت بلوچستان، سیکرٹری اطلاعات اور ڈی جی پی آر کا خصوصی شکریہ ادا کیا اور کہا کہ اس قسم کے اقدامات سے ہاکرز کا حکومت پر اعتماد مزید مضبوط ہوگا اور وہ پہلے سے زیادہ دلجوئی کے ساتھ اپنا کام انجام دے سکیں گے تقریب کے اختتام پر مہمانِ خصوصی سیکرٹری اطلاعات عمران خان اور ڈائریکٹر جنرل پبلک ریلیشنز نور محمد کھیتران نے ہاکرز میں مالی معاونت کے چیکس تقسیم کیے جس پر شرکاء نے حکومت بلوچستان کے اس اقدام کو سراہا۔