حضرت بہاء الدین زکریا ؒ کا عرس 3 ستمبرسے شروع ہوگا، انتظامات کا آغاز

August 18, 2022

ملتان (سٹاف رپورٹر)شیخ الاسلام حضرت بہاء الدین زکریا ملتانی ؒکے 783 ویں عرس کی 3 روزہ تقریبات کا آغاز 3ستمبرسے ہوگا ،اس سلسلے میں ضلعی انتظامیہ کی جانب سے انتظامات کا آغاز کردیا گیا ہے،ڈپٹی کمشنر طاہر وٹو کی صدارت میں عرس کے سلسلے میں ضلعی محکموں کا اجلاس منعقد ہوا جس میں انتظامات کا جائزہ لیا گیا، ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ عرس کے موقع پر پاکستان بالخصوص صوبہ سندھ سے آنے والے زائرین کے قیام کیلئے کالجز اور سکولز میں انتظامات کئے جائیں گے جبکہ ٹریفک اور سکیورٹی انتظامات بھی فول پروف بنائے جائیں گے، عارضی رہائش گاہوں میں صفائی پارکنگ اور بجلی کے بھی مثالی انتظامات کئے جائیں گے،واسا قلعہ کہنہ کے اطراف سے نکاسی آب کے نظام کو بہتر کرے جبکہ محکمہ ریلوے خصوصی ٹرین چلانے کا بندوبست کرے، اجلاس میں عرس کے سلسلے میں انتظامات اور حکمت عملی کا تفصیلی جائزہ بھی لیا گیا ۔