• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بجلی چوروں اور نادہندگان کیخلاف آپریشن‘28پکڑ لئے‘4افراد گرفتار

ملتان(سٹاف رپورٹر)میپکوریجن میں بجلی چوروں اور نادہندگان کے خلاف آپریشن۔ ڈسکو سپورٹ یونٹ میں شامل فورسز نے مظفرگڑھ / صادق آباد میں 28بجلی چور پکڑ لئے۔4افراد گرفتار‘ صادق آباد میں بجلی چوروں نے میپکو اہلکاروں کو زدوکوب کیا اور میٹرز/تاریں /موبائل فونز چھین لئے۔سپریٹنڈنگ انجینئر آپریشن میپکو مظفرگڑھ سرکل محمد وسیم اختر اور ونگ کمانڈر رینجرز کی ہدایت پر کرمدادقریشی سب ڈویژن کے علاقوں میں بجلی چوروں اورنادہندگان کے خلاف آپریشن کیاگیا۔ ایکسین مظفرگڑھ ڈویژن فرقان زکریا اور ایس ڈی او کرمدادقریشی سب ڈویژن فیض رسول جعفری کی سربراہی میں رینجرز، پولیس اورمیپکو ٹیموں نے بستی جھلڑ، بستی غازی گھاٹ، بستی پپلاں، بستی زور اور بصیرہ شہر میں 7افراد کنڈی سسٹم کے ذریعے بجلی چوری کرتے ہوئے پکڑے گئے جن میں سے 4افراد کو جوائنٹ فورسز نے موقع سے گرفتار کرلیا۔ بجلی چوروں کے خلاف مقدمات درج کروانے کے لئے درخواستیں بھیج دی گئیں۔ نادہندگان کے خلاف آپریشن میں لاکھوں روپے واجبات کی عدم ادائیگی پر 2ٹرانسفارمرز، 3میٹرز اور 465فٹ پی وی سی وائر اُتارکر قبضہ میں لے لی جبکہ رننگ اور ڈیڈ ڈیفالٹرز سے 2لاکھ60ہزارروپے واجبات وصول کئے گئے۔سپریٹنڈنگ انجینئر آپریشن میپکو رحیم یار خان سرکل عبدالحفیظ بھٹی اور ایگزیکٹو انجینئر آپریشن صادق آباد ڈویژن محسن نذیر کھوسہ کی ہدایت پر احمد پور لمہ سب ڈویژن کے علاقوں میں بجلی چوروں کے خلاف گرینڈ آپریشن کیاگیا۔ ایس ڈی او احمد پور لمہ سب ڈویژن فیصل صدیق کی سربراہی میں لائن سپریٹنڈنٹ سیکنڈ سیف الرحمن، لائن مین فرسٹ محمد نسیم اور اسسٹنٹ لائن مین محمد صلاح الدین پر مشتمل ٹیم نے بستی حاجی شریف چک نمبر 23/NPصادق آباد میں آپریشن کرکے 21افراد کو ایل ٹی لائنوں سے کنڈیاں لگاکر بجلی چوری کرتے ہوئے پکڑ لیا۔ بجلی چوری کرنے والے تمام افرادنے میٹرز اورتاریں اُتارنے والے میپکو اہلکاروں کو غلیظ گالیاں دیں اور موبائل فونز چھین کر توڑ ڈالے جبکہ ڈنڈے سوٹوں سے اہلکاروں کو زدوکوب کیا اور جان سے مارنے کی دھمکیاں دیں۔ ریکوری کی مدمیں جمع شدہ مبلغ ایک لاکھ 20ہزارروپے کی رقم بھی چھین لی۔ ایس ڈی او کی درخواست پر بجلی چوروں کے خلاف لڑائی جھگڑے، سنگین نتائج کی دھمکیاں، گالم گلوچ، میٹر ز چھیننے، موبائلز توڑنے اور کارسرکار میں مداخلت کے جرم میں ایف آئی آردرج کروادی گئی۔
ملتان سے مزید