ایم کیو ایم کے وفد کی چیئرمین ایچ ای سی سے ملاقات، حیدرآباد اور کراچی کے طلباء کو درپیش مسائل پر تبادلہ خیال

September 24, 2022

کراچی( اسٹاف رپورٹر)متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کے رکن رابطہ کمیٹی و رکن قومی اسمبلی محمد ابو بکر نے وفد کے ہمراہ چیرمین ہائر ایجوکیشن کمیشن مختاراحمد سے اسلام آباد میں ملاقات کی جس میں حیدرآبادا ور کراچی کے تعلیمی اداروں میں طلباء کو پیش آنے مسائل پر تبادلہ خیال کیا گیا اور تعلیمی اداروں میں طلباء کو تمام سہولیات فراہم کرنے پر اتفاق ہوا۔محمد ابو بکر نے حیدرآباد یونیورسٹی کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ حیدرآباد صوبہ سندھ کا دوسرا بڑا شہر ہے جو کہ اب تک یونیورسٹی سے محروم تھا جو نہیں ہونا چاہئے تھا کیو نکہ تعلیم ہی وہ زیور ہے جو انسان کو شعور دیتا ہے او رنکھار لاتا ہے،حیدرآباد کے طلباء کی پریشانی کے سبب ایک ڈگری کالج کو یونیورسٹی کا درجہ دے دیا گیا تھا جو کہ حیدرآباد کے طلباء کی حق تلفی تھی اس ہی لئے ایم کیو ایم نے گزشتہ حکومت سے الحاق کے معاہدے میں بھی حیدرآباد یونیورسٹی کے قیام کا مطالبہ کیا تھا اب جبکہ حکومت کی جانب سے زمین فراہم کردی گئی ہے تو اس کی تعمیر کے کام کو بھی جلد مکمل کیا جائے تاکہ اس شہر کے طلباء میں پائی جانے والے محرومیوں کا خاتمہ ہوسکے اور وہ بہتر تعلیم حاصل کرسکیں۔